
نئی دہلی، 18 اپریل (ہ س)۔ سکھ مذہب کے دوسرے گرو انگد دیو کے یوم پیدائش کے موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر سرکردہ لیڈروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ہم وطنوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں گرو انگد دیو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی اور تعلیمات کے ذریعے انسانیت، خدمت اور نظم و ضبط کی عظیم سکھ روایت کو آگے بڑھایا۔ ان کے نظریات معاشرے کو ہمیشہ صحیح سمت میں ترغیب دیتے رہیں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے کہا کہ گرو انگد دیو نے خدمت، عقیدت اور سماجی اصلاح کو اپنی زندگی کی بنیاد بنایا۔ گرومکھی رسم الخط کو تیار کرکے اور لنگر کی روایت کو مضبوط کرتے ہوئے انہوں نے مساوات اور اتحاد کا پیغام دیا۔
سڑک ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے گرو صاحب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سماج کے لیے باعث ترغیب قرار دیا۔
اپنے پیغام میں مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے لکھا، ”میں مذہب، روحانیت اور تخلیق کے سنگم، خدمت، مہربانی اور ہمدردی کے سمندر، سکھوں کے دوسرے گرو، ان کے مقدس یوم پیدائش پر گرو انگد دیو مہاراج کے قدموں میں جھکتا ہوں۔
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گرومکھی رسم الخط کی تشہیر اور لنگر کی روایت کو مضبوط کرنے میں ان کیخدمات سماجی اتحاد اور انسانی اقدار کو نئی طاقت فراہم کرتی ہیں۔ ان کے متاثر کن خیالات معاشرے کو ہمیشہ خدمت اور ہم آہنگی کی راہ پر گامزن کرتے رہیں گے۔
مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے گرو انگد دیو جی کو خدمت، مہربانی اور ہمدردی کا سمندر بتایا اور ان کے پرکاش پرو پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے گرو انگد دیو کے پرکاش پرو کے موقع پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گرو صاحب کے عظیم خیالات اور انسانیت کی خدمت کے تئیں ان کی لگن ہمیں ہمیشہ صحیح راستے پر چلنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو اور دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی سکھ برادری سمیت تمام عقیدت مندوں کو مبارکباد دی۔
قابل ذکر ہے کہ گرو انگد دیو نے گرومکھی رسم الخط کی ترقی، لنگر کی روایت کو پھیلانے اور سکھ عقیدے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی انسانیت، خدمت اور ہم آہنگی کا پیغام دیتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد