
پونے ایئرپورٹ پر فائٹر جیٹ کی ہارڈ لینڈنگ: رن وے مرمت کے بعد بحال، 9 گھنٹے بندش کے بعد پروازیں دوبارہ شروعممبئی ، 18 اپریل (ہ س)۔ پونے کے ہوئی اڈے پر رن وے پر پھنسے فائٹر جیٹ کے ضمن میں مرکزی وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی مرلی دھر موہول نے بتایا ہے کہ پونے ایئرپورٹ پر رن وے کی مرمت کا کام جنگی سطح پر مکمل کر لیا گیا ہے اور حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے صبح 7:30 بجے سے پروازوں نے ٹیک آف شروع کر دیا جبکہ 8:00 بجے سے لینڈنگ بھی بحال ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی مکمل جانچ کے لیے فضائیہ نے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا ہے، جس کے تحت یہ معلوم کیا جائے گا کہ ہارڈ لینڈنگ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوئی یا اس کے پیچھے کوئی اور سبب تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دن کے دوران پونے میں فضائی ٹریفک بتدریج معمول پر آ جائے گا۔واضح رہے کہ جمعہ کی رات پونے ایئرپورٹ پر بھارتی فضائیہ کے ایک فائٹر جیٹ کی ہارڈ لینڈنگ کرائی گئی تھی، جس کے نتیجے میں جہاز اور رن وے دونوں کو نقصان پہنچا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس حادثے کے باعث ایئرپورٹ کا رن وے تقریباً 9 گھنٹے تک بند رہا، جس کے نتیجے میں پونے سے آنے جانے والی 30 سے زائد پروازیں منسوخ یا دیگر شہروں کی طرف موڑ دی گئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔واقعے کے بعد رات 11 بجے سے ایئرپورٹ کی تمام سرگرمیاں روک دی گئی تھیں اور پونے آنے والی کم از کم 8 پروازوں کو سورت، گوا، نوی ممبئی، چنئی اور کوئمبٹور کی جانب موڑ دیا گیا۔ انڈیگو اور اکاسا ایئر کی صبح کی کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں، جن میں دہلی، بنگلورو، چنئی اور وڈودرا جانے والے مسافر شامل تھے۔ آدھی رات کے وقت پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروں میں شدید الجھن پیدا ہو گئی، جبکہ ایئرلائنز کی جانب سے مسافروں کو ٹکٹ منسوخ کر کے رقم واپس لینے یا انتظار کرنے کا اختیار دیا گیا۔اس واقعے کے بعد مرلی دھر موہول نے فوری طور پر فضائیہ اور ایئرپورٹ انتظامیہ سے رابطہ قائم کیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا۔ رن وے پر پھنسے فائٹر جیٹ کو ہٹانے کے لیے کرین اور بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا، جبکہ فضائیہ کی تکنیکی ٹیم نے پوری رات کام کر کے رن وے کو دوبارہ قابلِ استعمال بنا دیا، جس کے بعد تقریباً 9 گھنٹے بعد ایئرپورٹ کی سرگرمیاں معمول پر آسکیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے