
امراوتی، 17 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر کے امراوتی ضلع میں پرتواڑا کے جنسی استحصال معاملے کے درمیان تیوسا پولیس اسٹیشن حدود میں ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون کی شکایت پر وشو ہندو پریشد کے ضلع جنرل سیکریٹری اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرگرم کارکن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت روپیش راؤت (عمر 50 سال، ساکن گُرو دیو نگر) کے طور پر ہوئی ہے، جو وی ایچ پی کا امراوتی ضلع جنرل سیکریٹری بتایا جا رہا ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد وہ فرار ہو گیا ہے اور پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔
متاثرہ 36 سالہ خاتون کے مطابق ملزم نے آدھی رات کے وقت اسے بار بار فون کر کے بات کرنے کے بہانے جسمانی تعلق کی خواہش ظاہر کی۔ اگلے دن خاتون اس کے گھر پہنچی اور اس سے رات میں فون کرنے کی وجہ پوچھی، جس پر ملزم نے اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔ خاتون کا الزام ہے کہ جب اس نے شور مچایا تو ملزم نے دھمکی دی کہ اگر اس نے اس واقعے کے بارے میں کسی کو بتایا تو اس کے بیٹے کو نقصان پہنچایا جائے گا۔
متاثرہ خاتون کے شوہر کا چند سال قبل انتقال ہو چکا ہے اور وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ گُرو دیو نگر میں رہ کر چھوٹا کاروبار کرتی ہے۔ خاتون کے مطابق گھر خریدنے کے سلسلے میں چند سال قبل اس کی ملزم سے جان پہچان ہوئی تھی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے اس کے ساتھ موبائل پر فحش گفتگو کی اور بعد میں زیادتی کی کوشش کی۔
پولیس انسپکٹر گوپال اپادھیائے کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پولیس کو ملزم کا گھر بند ملا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے