
ممبئی ، 16 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی ترجمان شیورائے کلکرنی نے کہا ہے کہ امراوتی ضلع کے پرتواڑا میں سامنے آئے جنسی استحصال اور سیکس ریکیٹ معاملے کی جانچ میں اپوزیشن کو سیاست نہیں کرنی چاہیے بلکہ متاثرہ لڑکیوں کو انصاف دلانے پر توجہ دینی چاہیے۔شیورائے کلکرنی نے ممبئی میں بی جے پی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرتواڑا میں نابالغ لڑکیوں اور نوجوان خواتین کے انتہائی فحش ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہو رہے تھے، مگر اس وقت کسی نے اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سب سے پہلے بی جے پی نے ہی آگے بڑھ کر پولیس سے رابطہ کیا اور احتجاج بھی کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی اطلاع وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو دی گئی، جس کے بعد ان کے حکم پر جانچ شروع ہوئی اور مرکزی ملزم ایان احمد تنویر احمد سمیت آٹھ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔کلکرنی نے الزام لگایا کہ چونکہ اس کیس میں مسلم ملزمان شامل ہیں، اس لیے اپوزیشن اس پر سیاست کر رہی ہے، جبکہ اس معاملے میں متاثرہ خواتین میں مسلم لڑکیاں بھی شامل ہیں، جو ہماری بہنیں ہیں اور انہیں انصاف دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے متاثرہ لڑکیوں اور ان کے اہل خانہ سے اپیل کی کہ وہ بغیر کسی خوف کے آگے آ کر شکایت درج کریں تاکہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہو سکے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے