
میٹرو تعمیرات کے دوران 400 ٹن وزنی کرین گرنے سے حادثہ، بڑا نقصان ٹل گیا
ممبئی، 15 اپریل (ہ س)۔ ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں میٹرو لائن 2 بی کے تعمیراتی کام کے دوران ایک بھاری موبائل کرین گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں عارضی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی جبکہ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو کیا۔ یہ واقعہ بدھ کی علی الصبح تقریباً 4:30 بجے ایشین ہارٹ اسپتال کے قریب پیش آیا، جہاں کنٹریکٹر جے کمار انفرا پروجیکٹس لمیٹڈ کی نگرانی میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 400 ٹن وزنی کرین ایک پری کاسٹ بیم اٹھانے کے عمل میں تھی کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکی اور سڑک پر گر گئی۔
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے ابتدائی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ لفٹنگ بوم میں ممکنہ میکانکی یا گیئر سے متعلق خرابی کے باعث وزن کا دباؤ یکطرفہ ہو گیا، جس سے کرین کا توازن بگڑ گیا۔ بعض ذرائع نے دو کرینوں کے درمیان وزن کی منتقلی کے دوران بھی مسئلہ پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ حکام کے مطابق حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب ٹریفک کم تھی، جس کے باعث کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ خبر درج کیے جانے تک ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں تھی، جبکہ زخمیوں کے حوالے سے تفصیلات کی تصدیق کی جا رہی تھی۔
واقعے کے بعد ایم ایم آر ڈی اے کے سینئر افسران، جن میں ڈائریکٹر بسواراج ایم بی بھی شامل ہیں، موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ گری ہوئی کرین کو ہٹانے کے لیے 600 ٹن وزنی کرین کو تعینات کیا گیا ہے اور علاقے کو صاف کرنے کے ساتھ معمولات بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ممبئی ٹریفک پولیس کے تعاون سے بی کے سی جنکشن کے اطراف راستوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بی کے سی–ڈائمنڈ مارکیٹ روڈ کے بجائے کرلا یا ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے کا استعمال کریں۔ ایم ایم آر ڈی اے نے کہا ہے کہ عوامی سہولت اور مقام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے