
جموں، 17 اپریل (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران درمیانی سے تیز بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 19 اپریل تک موسم عمومی طور پر ابر آلود رہے گا اور کئی مقامات پر وقفے وقفے سے صبح اور شام کے وقت ہلکی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق 20 سے 24 اپریل کے دوران موسم میں بہتری آئے گی اور بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ 25 اور 26 اپریل کو بھی عمومی طور پر خشک موسم رہے گا، تاہم چند مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کے امکانات موجود ہیں۔
ادھر جمعرات کی شام تیز ہواؤں کے باعث وادی کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 17 سے 19 اپریل تک زرعی سرگرمیاں معطل رکھیں تاکہ فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔
عوام کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران احتیاط برتیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر