
سپول، 17 اپریل (ہ س)۔ ضلع کےبھیم نگر واقع سہرسہ چوک پر جمعرات کی رات تقریباً 9 بجے ایک الیکٹرانکس کی دکان میں زبردست آگ لگ گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔لکشمی الیکٹرانکس نامی دکان میں اچانک آگ لگ گئی اور تیزی سے پھیل گئی۔ آگ کے شعلے اس قدر شدید تھے کہ پنکھے، تاریں، موٹریں اور ساؤنڈ سسٹم سمیت سینکڑوں الیکٹرانک اشیاء جل کر راکھ بن گئیں۔ اس حادثے میں تقریباً 15لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر فائر ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی تاہم فائر بریگیڈ تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچی۔ اس دوران لوگوں میں شدید ناراضگی ہےاور انہوں نے نعرے بازی بھی کی۔ فائر بریگیڈ کے تین دمکل آگ بجھانے میں مصروف تھے لیکن انہیں پوری طرح سے قابو پانے میں مشکل پیش آئی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بارڈر سیکورٹی فورس کے دو ٹینکر کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔ ان کی مدد سے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بھیم نگر، ویر پور، رتن پور اور بلوا تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔ ایس ڈی ایم نیرج کمار اور ایس ڈی پی او سریندر کمار نے بھی موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔دکان کے مالک سریش سنگھ نے بتایا کہ ان کی دکان میں بڑی مقدار میں الیکٹرانک سامان رکھا ہوا تھا جو کہ آگ میں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ فی الحال انتظامیہ نقصان کا اندازہ لگا رہی ہے۔انتظامیہ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan