
نئی دہلی، 13 اپریل (ہ س)۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے بدنام زمانہ ہاشم بابا گینگ کے دو سرگرم ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں ایک مفرور شوٹر بھی شامل ہے جو پچھلے دو برسوں سے پولیس کی گرفت سے باہر تھا۔ ملزمان سے 2 سیمی آٹو میٹک پستول اور 11 زندہ کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے پیر کو بتایا کہ اسپیشل سیل کی نئی دہلی رینج کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شاداب احمد عرف شاداب چپل (28) کو 11 اپریل کی شام سگنیچر برج کے قریب گڑھی مینڈو علاقے سے گرفتار کیا۔ اس کے پاس سے ایک پستول اور پانچ زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔ شاداب گینگسٹر سہیل چپل کا بھتیجا ہے اور گزشتہ دو سال سے مفرور تھا۔ پولیس کے مطابق شاداب 2024 میں سیلم پور میں فائرنگ اور قتل کیس میں مطلوب تھا۔ اس واقعے میں ہاشم بابا گینگ کے شوٹرز نے حریف چھنو گینگ کے دو ارکان پر فائرنگ کر دی تھی جس سے ارباز جاں بحق ہوگیا تھا۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ شاداب نے یہ قتل جیل میں اپنے ماموں سہیل چپل کے ساتھ ہونے والے جھگڑے کا بدلہ لینے کے لیے کیا۔ شاداب ایک اور اقدام قتل کیس میں بھی اشتہاری تھا اور عدالت میں پیش نہیں ہو رہا تھا۔ اس سے قبل 3 اپریل کو، اسپیشل سیل نے گینگ کے ایک اور رکن، محمد عدی عرف عادل عرف طویس (24) کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے پاس سے ایک پستول اور چھ زندہ کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عادل جیل میں بند گینگسٹر اسد اور دانشعرف ملی کے لیے تاوان کے اہداف کی نشاندہی کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور گینگ کے دیگر ارکان اور پورے نیٹ ورک کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس کارروائی کو دارالحکومت میں منظم جرائم کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد