
نئی دہلی، 12 اپریل (ہ س)۔ اتوار کی دوپہر راج گھاٹ بس ڈپو کے قریب جھاڑیوں اور کچرے کے درمیان اچانک اور زبردست آگ لگ گئی۔ چند ہی لمحوں میں آگ نے تقریباً 25 ایکڑ کے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ سے اٹھنے والے گہرے دھویں کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ حرکت میں آیا اور فائر ٹینڈرز کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔ فائر فائٹرز نے فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے آپریشن شروع کیا اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تقریباً تین گھنٹے کی محنت کے بعد 4 بج کر 35 منٹ پر آگ پر قابو پالیا گیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع تقریباً 1:35 بجے ملی۔ ابتدائی طور پر دو فائر ٹینڈرز موقع پر بھیجے گئے۔ تاہم آگ کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے بعد میں اضافی گاڑیوں کو تعینات کرنا پڑا۔ اس کے فوراً بعد کل 11 فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے کام میں مصروف تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی