
بھوپال، 07 مارچ (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے ریاست کی بی جے پی حکومت پر دیہی ترقیاتی اسکیموں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں زراعت اور دیہی ترقی سے متعلق محکموں کی حالت مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے، جبکہ حکومت صرف سرخیاں بٹورنے میں مصروف ہے۔
جیتو پٹواری نے ہفتہ کو اپنے بیان میں کہا کہ حکومت بجٹ مینجمنٹ اور اسکیموں کے نفاذ کے حوالے سے انتہائی لاپرواہ ثابت ہو رہی ہے۔ مرکز اور ریاست کے تعاون سے چلنے والی کئی اسکیموں کے لیے کافی بجٹ مختص کیے جانے کے باوجود اس کا مکمل استعمال نہیں ہو پا رہا ہے۔ اس سے دیہی ترقی کے منصوبے زمینی سطح پر متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سال 26-2025 کے لیے محکمہ دیہی ترقی کو 27,745.18 کروڑ روپے کا بجٹ دیا گیا تھا، لیکن 7 مارچ 2026 تک اس میں سے صرف 11,457.66 کروڑ روپے ہی خرچ کیے گئے ہیں، جو کل بجٹ کا تقریباً 41.30 فیصد ہے۔ پٹواری کے مطابق یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ حکومت کی ترجیح ترقی نہیں بلکہ اعلانات اور تشہیر ہے۔
پٹواری نے کہا کہ گاوں کی ترقی سے وابستہ کئی اہم اسکیموں میں بھی بجٹ کا بہت کم استعمال ہوا ہے۔ ان کے مطابق:
* دین دیال اپادھیائے دیہی کوشل یوجنا: 210 کروڑ روپے میں سے 7.23 کروڑ روپے (3.44فیصد) خرچ۔
* نیرمل بھارت ابھیان: 916 کروڑ روپے میں سے 55 کروڑ روپے (6.01فیصد) خرچ۔
* وزیراعظم آواس یوجنا: 8,835.22 کروڑ روپے میں سے 4,465.56 کروڑ روپے (50.54فیصد) خرچ۔
* وزیراعظم گرام سڑک یوجنا: 2,218.87 کروڑ روپے میں سے 805.73 کروڑ روپے (36.31فیصد) خرچ۔
* وزیراعظم جن من یوجنا (سڑک): 1,478.40 کروڑ روپے میں سے 111.20 کروڑ روپے (7.52فیصد) خرچ۔
* وزیراعظم جن من یوجنا (آواس): 1,304.46 کروڑ روپے میں سے 682.69 کروڑ روپے (52.34فیصد) خرچ۔
* قومی دیہی روزگارمشن: 1,066.44 کروڑ روپے میں سے 219.77 کروڑ روپے (20.61فیصد) خرچ۔
* منریگا: 6,446.69 کروڑ روپے میں سے 1,170.78 کروڑ روپے (18.16فیصد) خرچ۔
* رورل سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ: 63 کروڑ روپے میں سے کوئی خرچ نہیں۔
* وزیراعظم زرعی آبپاشی یوجنا (واٹر شیڈ ڈویلپمنٹ): 384.74 کروڑ روپے میں سے 114.51 کروڑ روپے (29.76فیصد) خرچ۔
پٹواری نے کہا کہ اگر دیہی ترقی کے منصوبوں پر ہی مناسب خرچ نہیں ہوگا تو گاؤں میں روزگار، سڑک، مکانات اور بنیادی سہولیات کی توسیع کیسے ہوگی۔ ان کا الزام ہے کہ حکومت کی لاپرواہی، معاشی بدانتظامی اور بڑھتی ہوئی بدعنوانی کی وجہ سے کئی اسکیمیں زمینی سطح تک پہنچنے سے پہلے ہی متاثر ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا کہ محکمہ دیہی ترقی کے بجٹ کا وقت کے مطابق اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے، تاکہ گاؤں، کسانوں، مزدوروں اور غریب خاندانوں کو اسکیموں کا حقیقی فائدہ مل سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن