
کانپور، 07 مارچ (ہ س)۔ سماج وادی پارٹی کے آریہ نگر سیٹ کے ایم ایل اے امیتابھ باجپئی کی چوبے پور میں واقع گیس ایجنسی کے گودام سے سلنڈر چوری اور گوری بھگونت پور میں انگریزی اور دیسی شراب کی دکانوں میں ہونے والی بڑی چوری کے معاملات کو پولیس نے حل کر لیا ہے۔ دونوں واقعات سے علاقے میں مچی کھلبلی کے بعد پولیس متحرک ہوگئی اور ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ سلنڈر، شراب اور نقدی کا کچھ حصہ برآمد کرلیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے گیس ایجنسی کے گودام سے سلنڈر کے علاوہ شراب کی دکانوں کو نشانہ بنا کر لاکھوں روپے مالیت کی شراب اور نقدی چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
ہفتہ کو واقعہ کا انکشاف کرتے ہوئے اے سی پی بلہور منجے سنگھ نے کہا کہ متاثرہ ششی کانت پانڈے نے 25 فروری کو مقدمہ درج کرایا تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایس پی ایم ایل اے امیتابھ باجپئی کی گیس ایجنسی کا دیپو پور میں گودام ہے، جہاں وہ مینیجر کے طور پر تعینات ہیں۔ گودام پر پہنچ کر انہیں معلوم ہوا کہ چور گودام میں گھس کر 127 بھرے، سات خالی اور تین کمرشل گیس سلنڈر چوری کر کے لے گئے ہیں۔
ایک اور واقعہ میں، متاثرہ رامیشور یادو نے بتایا کہ وہ چوبے پور کے گاو¿ں گوری بھگونت پور میں واقع ایک کمپوزٹ شراب کی دکان پر کام کرتا ہے۔ انہوں نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے کہا کہ یکم مارچ کی رات چوروں نے کینٹین کے ساتھ ساتھ غیر ملکی اور دیسی شراب کی دکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے غیر ملکی شراب کی دکان سے تقریباً 72 ہزار روپے مالیت کے شراب کی سات پیٹی، دیسی شراب کی دکان سے تقریباً 60 ہزار روپے مالیت کے شراب کی آٹھ پیٹی، 40 سے 50 سگریٹ کے پیکٹ سمیت تقریباً 2 ہزار روپے کی نقدی چوری کر لی۔
دونوں واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس نے ایک مخبر کی طرف سے کی گئی نگرانی اور درست معلومات کی بنیاد پر گوشالہ نہر پل کے قریب سے پک اپ گاڑی سمیت سات ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں آدتیہ عرف گولو، پرانشو سنگھ، آرین تیواری، پروین تیواری، آیوش کتھیریا ساکن شیوراج پور، اور چوبے پور کے رہنے والے پرانشو گوتم اور سنتوش کشواہا شامل ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 43 گیس سلنڈر، دو پیٹی دیسی شراب،14کین بیئراور 21 کوارٹر غیر ملکی شراب برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی جانب سے فروخت کیے گئے سامان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور خریداروں کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد