
نئی دہلی، 7 مارچ (ہ س)۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزارت 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن (آئی ڈبلیو ڈی ) کے موقع پر مانیک شا سینٹر میں ایک قومی سطح کی تقریب کا اہتمام کرے گی۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمواس تقریب سے خطاب کریں گی۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر انّ پورنا دیوی اور خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر مملکت ساوتری ٹھاکر اس تقریب میں موجود رہیں گی۔
خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ پروگرام کا آغاز خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے سکریٹری انل ملک کے خطبہ استقبالیہ سے ہوگا۔ اس کے بعد مختلف آڈیو ویژول پیشکش ہوں گی جن میں مختلف شعبوں میں افرادی قوت میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کو اجاگر کیا جائے گا اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کی اہم پالیسیوں اور اسکیموں کی عکاسی کی جائے گی۔
صدر جمہوریہ مرمو اس موقع پر اپنا کلیدی خطاب کریں گی۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر انّ پورنا دیوی بھی اس تقریب سے خطاب کریں گی اور ملک میں خواتین کی زیرقیادت ترقی کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالیں گی۔
افتتاحی تقریب کے بعد، دو پینل مباحثے ہوں گے۔ پہلا پینل مباحثہ ”لیبر کوڈز - خواتین کو بااختیار بنانے کو تقویت دینا“ پر ہوگا۔ دوسرا پینل ڈسکشن ”صنعت کار کے طور پر اپنی مدد آپ گروپس کی خواتین“پر ہوگا۔
اس تقریب میں مسلح افواج، پولیس، میڈیا، صحت کی دیکھ بھال، کھیل اور دیگر شعبوں کے نمائندوں سمیت 150 سے زائد وزارتوں، محکموں اور تنظیموں سے تقریباً 1000 خواتین کی شرکت متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد