
امپھال، 7 مارچ (ہ س)۔ منی پور میں پولیس نے ریاست کے الگ الگ حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مہم چلا کر مختلف ممنوعہ تنظیموں کے کیڈروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس گرفتار کیڈروں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
منی پور پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے آج جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ جمعہ کو سیکورٹی فورسز نے امپھال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے این آر ایف ایم کے ایک سرگرم کیڈر ننگتھوزم ننگتھونگمبا میتئی (27) عرف منگانگ کو گرفتار کیا۔ وہ چورا چاند پور ضلع کے ہنگول ماروپ زین ہانگ لمکا کا رہنے والا ہے۔
دوسری مہم میں سیکورٹی فورسز نے یو این ایل ایف (پی) کے ایک سرگرم کیڈر واہینگبام پریم کمار سنگھ (37) عرف ڈیمبا کو گرفتار کیا ہے۔ وہ امپھال ایسٹ ضلع کے کھرئی سجور لیرؤ پکھری مپال کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔ اسے مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ اس کے ایک ساتھی، سینجام روکن سنگھ (42) عرف راکٹ کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ملزم مشرقی امپھال کے کھرئی چیتھابی لیراک ماچن کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ اس کے پاس سے ایک 9 ایم ایم کی پستول اور میگزین برآمد کی گئی۔ گرفتار افراد کے پاس سے دیگر برآمد شدہ اشیاء میں دو موبائل فون اور ایک آدھار کارڈ شامل ہیں۔
اسی دوران سیکورٹی فورسز نے گزشتہ جمعرات کو بشنو پور ضلع کے کیبل لامجاو تھانہ کے تحت ایتھنگ کھولا کھیل میدان کے علاقے سے مختلف انڈر گراونڈ تنظیموں کے دو کیڈروں کو گرفتار کیا۔ جن کی شناخت پریپاک تنظیم کے کیڈر کھوائراکپم بیدجیت سنگھ عرف کپا (23) اور پی ایل اے کے سرگرم کیڈر شگولسم ایبوچوبا سنگھ عرف تومبا (22) کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں سے پوچھ گچھ کے بعد ایتھنگ کھیل کے میدان کی تکمو جھیل سے ایک ایچ کے-33 رائفل میگزین اور 38 راونڈ زندہ کارتوس، تین آئی ڈی، ایک اولیو گرین ٹی شرٹ اور فوجی لباس جس میں کیموفلاج پینٹ اور کیموفلاج ٹی شرٹ شامل ہے، برآمد کی گئی۔
سیکورٹی فورسز نے گزشتہ جمعہ کو اضلاع کے بیرونی اور حساس علاقوں میں تلاشی مہم اور ’ایریا ڈومینیشن‘ کی کارروائی کی۔ منی پور کے الگ الگ اضلاع میں، پہاڑیوں اور وادی دونوں علاقوں میں کل 114 ناکے/ چیک پوائنٹس لگائے گئے تھے، تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ نیشنل ہائی وے-37 پر ضروری سامان لے جانے والی 102 گاڑیوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تمام حساس علاقوں میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور گاڑیوں کی آزادانہ اور محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی قافلہ تعینات کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن