

بھوپال میں جلسہ شہادت میں امریکہ-اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگے، ٹرمپ کے پوسٹر پیروں تلے روندے
بھوپال، 07 مارچ (ہ س) - مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی یاد میں منعقدہ ’جلسہ شہادت‘ پروگرام میں اسرائیل مردہ باد اور امریکہ مردہ باد کے زوردار نعرے لگائے گئے۔ اس دوران کچھ لوگوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے پوسٹر زمین پر رکھ کر پیروں تلے روند ڈالے۔
دراصل، بھوپال کے نریلا اسمبلی حلقہ کی بسم اللہ کالونی میں واقع غریب نواز مسجد میں جمعہ کی رات جلسہ شہادت پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔
پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے مولانا رضی الحسن حیدری نے کہا کہ آج دنیا کی ظالم طاقتیں معصوموں اور مظلوموں کا خون بہا رہی ہیں۔ اسرائیل اور امریکہ جیسے ممالک کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ تقریر کے دوران انہوں نے ٹرمپ پر سخت تنقید کی۔ اس دوران مجمع میں موجود لوگوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے۔
مولانا نے مزید کہا کہ کچھ لوگ بھوکے رہ کر بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں، جس سے ان کی سیاسی اور تکنیکی طاقت بڑھتی ہے۔ مسلمانوں کو بھی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا، کیونکہ کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد تعلیم ہی ہے۔ انہوں نے 1979 کے ایرانی انقلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں تعلیم پر زور دینے کی وجہ سے آج سپر پاورز بھی ایران سے ڈرتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے تعلیم حاصل کر کے معاشرے کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔
پروگرام میں سید اظہر حسین رضوی نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کی بنیادی وجہ ہمارا باہمی انتشار اور اتحاد کی کمی ہے۔ عقیدے الگ الگ ہو سکتے ہیں، لیکن اسلام، قرآن اور رسول سب کے لیے ایک ہیں۔ نماز کے طریقے الگ ہیں، لیکن ہمیں آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے خامنہ ای کو مردِ مجاہد قرار دیا، جو سپر پاورز کے سامنے ڈٹے رہے۔ رضوی نے کہا کہ ظالم کے خلاف کھڑے ہونے والے کے ساتھ اللہ ہوتا ہے اور دنیا کسی کو شہید کر سکتی ہے، لیکن اس کے مقصد کو ختم نہیں کر سکتی۔
اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی صدر محسن علی خان نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے لیے گہرے غم اور صدمے کی بات ہے کہ ایک ایسا قائد ہم سے رخصت ہو گیا جس نے پوری امت کو اتحاد اور اتفاق کا پیغام دیا۔ سید علی خامنہ ای ایسی شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ ظالم طاقتوروں کے خلاف آواز اٹھائی اور مظلوموں کا ساتھ دیا۔ ان کی زندگی اور ان کا پیغام آنے والی نسلوں کے لیے بھی مثال رہے گا۔ پروگرام کے اختتام پر لوگوں نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن