
بھوپال، 07 مارچ (ہ س) -
مدھیہ پردیش نے ڈیجیٹل رجسٹریشن میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ ریاست میں ہر سال تقریباً 16 لاکھ دستاویزات کی رجسٹریشن کی جاتی ہے، جس سے 11 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا ریونیو حاصل ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ہفتہ کو معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں رجسٹریشن کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنانے کی سمت میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے ریاستی حکومت نے ’سمپدا 2.0‘ سسٹم کے ذریعے دستاویزات کی مکمل طور پر پیپر لیس ای-رجسٹریشن شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی یہ نظام شہریوں کو فوری خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ میں شفافیت اور آسانی کو یقینی بنائے گا۔ رجسٹریشن اور اسٹیمپ ڈپارٹمنٹ ریاست کے بڑے ریونیو حاصل کرنے والے محکموں میں شامل ہے۔ محکمے کے ویب پر مبنی سمپدا سسٹم کے ذریعے ای-رجسٹریشن اور ای-اسٹیمپنگ کی سہولت فراہم کر کے پورے عمل کو اینڈ-ٹو-اینڈ الیکٹرانک بنا دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سمپدا 2.0 کے ذریعے دستاویزات کی مکمل طور پر پیپر لیس اور ڈیجیٹل رجسٹریشن ممکن ہوئی ہے اور یہ نظام نافذ کرنے والا مدھیہ پردیش ملک کی پہلی ریاست بن گیا ہے۔ اس نظام میں کوئی بھی شخص کہیں سے بھی ای-اسٹیمپ تیار کر سکتا ہے۔ ساتھ ہی جائیداد کی شناخت لینڈ ریکارڈز اور شہری انتظامیہ کے ڈیٹا بیس سے کی جاتی ہے اور جائیداد کی جیو-ٹیگنگ بھی کی جاتی ہے، جس سے جائیداد سے متعلق تنازعات میں کمی آئے گی۔
عوامی رابطہ افسر سنتوش مشرا نے بتایا کہ زرعی اراضی کی مکمل منتقلی کے بعد ’سائبر تحصیل‘ کے ذریعے ازخودنامنیشن کی سہولت بھی شروع کی گئی ہے، وہیں کلکٹر آف اسٹیمپ کورٹ کے عمل کو بھی مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔ ای-گورننس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھوپال میں واقع انسپکٹر جنرل رجسٹریشن آفس میں سائبر رجسٹریشن آفس قائم کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے تقریباً 75 اقسام کے دستاویزات کی ’فیس لیس‘ رجسٹریشن کی جا سکے گی۔ سائبر سب-رجسٹرار ریاست کے کسی بھی ضلع کے دستاویزات کی آن لائن رجسٹریشن کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فیس لیس رجسٹریشن کے عمل میں فریقین کے لیے آدھار پر مبنی ویڈیو کے وائی سی کرنا لازمی ہوگا۔ دستاویزات کے ڈیجیٹل نفاذ کے بعد انہیں آن لائن سائبر سب-رجسٹرار کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس سے شہریوں کو سب-رجسٹرار کے دفتر آنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نئے نظام کے تحت لیز، مورگیج، ڈی-مورگیج، جائیداد میں بیوی یا بیٹی کا نام شامل کرنے اور مختارنامہ (پاور آف اٹارنی) جیسی دستاویزات اب کہیں سے بھی آن لائن تیار کر کے رجسٹرڈ کی جا سکتی ہیں۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے مدھیہ پردیش نے ای-گورننس کے شعبے میں نئی مثال قائم کی ہے اور آنے والے وقت میں یہ نظام عوامی خدمات کو مزید سادہ، شفاف اور قابل بھروسہ بنائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن