
جموں, 07 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ خزانہ نے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز) کو ہدایت دی ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں کی ادائیگی کے دوران مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں اور کاموں کے دوران خریدے گئے سامان سے متعلق درست بل اور دستاویزات حاصل کریں۔محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ متعدد معاملات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹھیکیدار خام مال اور دیگر استعمالی اشیاء ایسی طریقے سے خریدتے ہیں جو بل آف کوانٹٹیز (بی او کیو) میں درج دائرہ کار اور وضاحتوں سے مطابقت نہیں رکھتا یا پھر مناسب دستاویزات فراہم نہیں کی جاتیں۔ اس طرح کے معاملات سے قانونی ضوابط کی خلاف ورزی اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔
سرکلر کے مطابق شفافیت اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ڈی ڈی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بلوں کی منظوری سے قبل درست ٹیکس رسیدیں اور متعلقہ دستاویزات حاصل کریں، اس بات کی تصدیق کریں کہ فراہم کردہ سامان اور خدمات منظور شدہ معاہدے کے مطابق ہیں اور جی ایس ٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکس رسیدوں میں جی ایس ٹی آئی این، رسید نمبر، تاریخ، سامان یا خدمات کی مکمل تفصیل، قابلِ ٹیکس رقم اور ٹیکس کی مقدار واضح طور پر درج ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی ہدایت دی گئی ہے کہ رسیدوں کی تصدیق شدہ نقول ٹھیکیدار کے بل کے ساتھ ریکارڈ میں محفوظ رکھی جائیں تاکہ آڈٹ اور جانچ کے دوران پیش کی جا سکیں۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ جب تک مذکورہ تمام شرائط پوری نہیں کی جاتیں کسی بھی ٹھیکے کی ادائیگی جاری نہیں کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر