
ریاض،07مارچ(ہ س)۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پڑوسی ممالک سے معذرت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے کے ممالک کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اسرائیل اور امریکہ کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔آج ہفتے کے روز سرکاری ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والے ایک پیغام میں ایرانی صدر نے کہا میں پڑوسی ممالک سے معذرت خواہ ہوں ... خطے کے ممالک کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں ہے۔انہوں نے اشارہ کیا کہ ان کا ملک پڑوسی ممالک کے خلاف حملے روک دے گا، سوائے اس کے کہ وہاں سے ہمارے خلاف حملے کیے جائیں۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ عبوری قیادت کی کونسل نے پڑوسی ممالک کے خلاف میزائل حملے یا کارروائیاں نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے بشرطیکہ ایران پر حملہ ان ممالک سے نہ کیا جائے۔ پزشکیان نے زور دیا کہ ہر ایرانی کی موجودگی دشمنوں کو مایوس کرتی ہے۔ انھوں نے ایران کے تحفظ کے لیے ناراضی اور غصے کے جذبات کو پسِ پشت ڈالنے کی اپیل کی۔ ایرانی عوام کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا وہ یہ خواب قبر میں لے جائیں گے کہ ہم غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیں گے۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بعض خلیجی عرب ممالک پر ہونے والی شدید ایرانی گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر اپنی فضائی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ آج ہفتے کی صبح بحرین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کو ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ ایران کے ساتھ غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کے علاوہ کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔ ٹرمپ نے 'ٹروتھ سوشل' پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا اس کے بعد، جب ایک (یا کئی) عظیم اور مقبول لیڈر کا انتخاب ہو جائے گا، تو ہم اور ہمارے کئی شان دار اور بہادر اتحادی و شراکت دار ایران کو تباہی کے دہانے سے بچانے اور اسے معاشی طور پر پہلے سے کہیں زیادہ بڑا، بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے انتھک محنت کریں گے۔ٹرمپ نے مزید کہا ایران کا مستقبل بہت شان دار ہوگا، آئیے ایران کو ایک بار پھر عظیم بنائیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan