
بیجنگ ،05فروری (ہ س )۔
اسرائیل امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے درمیان چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ ثالثی کیلئے تیار ہے اوراپنا ایک خصوصی نمائندہ مشرق وسطیٰ بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کا مقصد ثالثی کے ذریعے ایک طرف اسرائیل اور امریکہ اور دوسری طرف ایران کے درمیان جاری جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے، جو اب اپنے چھٹے دن میں داخل ہو چکی ہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے آج جمعرات کے روز بتایا کہ وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے سعودی اور اماراتی ہم منصبوں کو مطلع کیا ہے کہ بیجنگ ثالثی کے لیے مشرق وسطیٰ میں ایک خصوصی نمائندہ بھیجے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے ساتھ جنگ کا پھیلاؤ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
وزارت نے وانگ یی کے حوالے سے مزید بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ چین ریاض کی جانب سے دکھائے گئے ضبطِ نفس اور پر امن ذرائع سے اختلافات حل کرنے کے اصرار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے بحری جہاز رانی کی گزرگاہوں کی سلامتی کے تحفظ کی بھی اپیل کی۔
چینی بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے بدھ کے روز یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی جنگ میں چین اور روس مؤثر عوامل نہیں ہیں۔ ایک پریس کانفرنس میں ایران کے اتحادیوں خصوصاً روس اور چین کے لیے پیغام سے متعلق سوال پر زیر دفاع نے جواب دیا کہ ان کے پاس ان دونوں ممالک کے لیے کوئی پیغام نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا وہ یہاں کوئی مؤثر عنصر نہیں ہیں، ہمارا مسئلہ ان کے ساتھ نہیں بلکہ ایران کے ایٹمی عزائم کے ساتھ ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ