
کرسٹیانو رونالڈو ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے باہر، النصر نے میڈیکل اپ ڈیٹ جاری کیا
ریاض، 04 مارچ (ہ س)۔ پرتگال کے مایہ ناز فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو ہیمسٹرنگ چوٹ کی وجہ سے میدان سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کے کلب النصر نے منگل کی رات اس کی باضابطہ تصدیق کی۔ پانچ بار کے بیلن ڈی اور فاتح رونالڈو کو ہفتہ کے روز الفیہا کے خلاف 1-3 کی جیت کے دوران چوٹ لگی تھی۔ حالانکہ کلب نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ 41 سالہ اسٹار کھلاڑی کتنے وقت تک باہر رہیں گے۔
النصر نے بیان میں کہا، ’’انہوں نے بحالی کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے اور ان کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔ کلب نے یہ بھی نہیں بتایا کہ چوٹ پٹھوں میں کھچاو (اسٹرین) ہے یا پھٹنے (ٹیئر) کا مسئلہ ہے۔ ٹیم کے کوچ جارج جیسس نے الفیہا میچ کے بعد اشارہ دیا تھا کہ یہ مسل فٹیگ یعنی پٹھوں کی تھکان ہو سکتی ہے۔
منگل کو کلب کے سوشل میڈیا پر جاری تصویروں میں رونالڈو ٹیم جم میں ویٹ ٹریننگ کرتے نظر آئے، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ جلد واپسی کے لیے محنت کر رہے ہیں۔ پانچ بار یو ای ایف اے چیمپیئنز لیگ جیتنے والے رونالڈو اس سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاری میں مصروف ہیں، جس کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کریں گے۔ یہ ان کے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن