
ممبئی ، 04 مارچ (ہ س)۔ مہاوکاس اگھاڑی اتحاد نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار دھڑا) کے صدر شرد پوارکو اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ جمعرات کو راجیہ سبھا کے لیے باضابطہ طور پر اپنا نامزدگی فارم داخل کریں گے۔این سی پی (ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے بدھ کو مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شرد پوار کی امیدواری کے معاملے پر کانگریس قیادت سے تفصیلی مشاورت کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال سے گفتگو ہوئی۔سپریا سولے کے مطابق ان تمام رہنماؤں نے شرد پوار کو مہاوکاس اگھاڑی کا مشترکہ امیدوار بنانے پر رضامندی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوار راجیہ سبھا میں اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ وہ منگل کو شیو سینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے دھڑا) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے سے بھی ملاقات کر چکی ہیں۔ادھو ٹھاکرے نے بھی شرد پوار کی امیدواری کی حمایت کی ہے، جس پر سپریا سولے نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ شرد پوار ایک سینئر اور تجربہ کار رہنما ہیں اور اسی بنیاد پر کانگریس نے ان کی امیدواری کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوار راجیہ سبھا میں مہاوکاس اگھاڑی کی آواز کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے اور اتحاد مہاراشٹر میں بھی مشترکہ طور پر سیاسی جدوجہد جاری رکھے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے