دبئی کی بندرگاہ پر ہمارا تیل بردار جہاز ایرانی حملے کا نشانہ بنا : کویت
کویت ،31مارچ( ہ س)۔کویتی نیوز ایجنسی (کونا) نے کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ کویت کے ایک بڑے تیل بردار جہاز (السالمی) کو منگل کو علی الصبح براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔ کارپوریشن نے اسے ایرانی حملہ قرار دیا ہے، جو دبئی کی بندرگ
دبئی کی بندرگاہ پر ہمارا تیل بردار جہاز ایرانی حملے کا نشانہ بنا : کویت


کویت ،31مارچ( ہ س)۔کویتی نیوز ایجنسی (کونا) نے کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ کویت کے ایک بڑے تیل بردار جہاز (السالمی) کو منگل کو علی الصبح براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔ کارپوریشن نے اسے ایرانی حملہ قرار دیا ہے، جو دبئی کی بندرگاہ پر لنگر اندازی کے دوران کیا گیا، جس سے جہاز کو نقصان پہنچا اور اس پر آگ لگ گئی۔نیوز ایجنسی نے کارپوریشن کے حوالے سے بتایا کہ واقعے کے وقت جہاز تیل سے مکمل بھرا ہوا تھا، اور گرد و نواح کے پانی میں تیل کے رساو¿ کے امکان سے متعلق خبردار کیا گیا ہے۔ روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق مزید بتایا گیا کہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور اس وقت نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب دبئی میڈیا آفس نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر تصدیق کی ہے کہ دبئی کے پانیوں میں کویتی آئل ٹینکر سے ڈرون ٹکرانے کے واقعے پر جوابی کارروائی کی گئی اور ٹینکر کے عملے کے تمام 24 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ کسی کے زخمی ہونے کی تردید کی گئی ہے۔ دبئی میڈیا آفس کا کہنا تھا کہ بحری فائر فائٹنگ ٹیمیں اس وقت آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ بعد ازاں دفتر نے مطلع کیا کہ آگ پر قابو پا کر اسے بجھا دیا گیا ہے۔

اس واقعے کے بارے میں برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک نامعلوم گولہ لگنے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔ ادارے نے ٹینکر آپریٹنگ کمپنی کے سکیورٹی افسر کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ جب جہاز کے دائیں حصے پر گولہ لگا، اس وقت وہ دبئی کے شمال مغرب میں 31 بحری میل کے فاصلے پر تھا۔ اس سے قبل برطانوی میری ٹائم آپریشنز نے بتایا تھا کہ سعودی ساحلوں کے قریب خلیج میں ایک کنٹینر جہاز پر داغے گئے دو دیگر گولے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔

ایران، جو گزشتہ چار ہفتوں سے زائد عرصے سے امریکی اور اسرائیلی حملوں کی زد میں ہے، حالیہ ہفتوں کے دوران ایسی دھمکیاں دے رہا ہے اور حملے کر رہا ہے جس سے اسٹریٹجک آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے۔

دریں اثنا دبئی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق منگل کی صبح دبئی میں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائل گرانے کے نتیجے میں گرنے والے ’ٹکرے‘ سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ بات ’فرانس پریس‘ نیوز ایجنسی نے بتائی۔ میڈیا آفس نے’ایکس‘ پر بتایا کہ دبئی میں متعلقہ حکام نے البدع کے علاقے میں ایک خالی گھر میں لگنے والی آگ کے واقعے نمٹ لیا، جو فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے نتیجے میں گرنے والے ٹکرے کے باعث لگی تھی۔ اس گھر کے قریب موجود 4 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ایک اور پیش رفت میں، جرمن پریس ایجنسی (ڈی پی اے) کے مطابق اماراتی حکام نے ریاست شارجہ میں الثریا ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کی عمارت پر ایرانی ڈرون حملے کے واقعے سے نمٹنے کا اعلان کیا ہے۔ شارجہ حکومت کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا شارجہ میں متعلقہ حکام نے پیر کی رات الثریا ٹیلی کمیونیکیشن کی انتظامی عمارت کو ایران کی طرف سے آنے والے ڈرون کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کے واقعے کا مقابلہ کیا، اس دوران کوئی جانی نقصان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande