
دوحہ،03مارچ(ہ س)۔قطر نے بلومبرگ کی جانب سے شائع کردہ ایک میڈیا رپورٹ میں شامل مواد کی تردید کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قطری فضائی دفاعی نظام (پیٹریاٹ) کے دفاعی میزائلوں کے ذخائر ختم نہیں ہوئے ہیں، بلکہ وہ اب بھی اپنی مکمل تیاری اور کافی حد تک محفوظ ذخائر برقرار رکھے ہوئے ہے۔قطری مسلح افواج نے متعدد مواقع پر وطن کی سلامتی کے تحفظ اور کسی بھی بیرونی خطرے کا مقابلہ کرنے میں اپنی اعلیٰ مہارت کا ثبوت دیا ہے... اور وہ ضرورت پڑنے پر تمام شہریوں، مقیم افراد اور آنے والے زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار اور مستعد ہیں۔
قطر کا کہنا ہے کہ سرکاری ذرائع سے تصدیق کیے بغیر ایسی بے بنیاد معلومات کی اشاعت مکمل غیر ذمے داری کی عکاسی کرتی ہے، خاص طور پر اس نازک مرحلے اور خطے کے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں۔اس سے قبل خلیجی ممالک کے اعلیٰ سطح کے حکام نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، سلطنت عمان، قطر اور کویت پر ہفتہ کے روز سے شروع ہونے والے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں پر تبادلہ خیال کے لیے ملاقات کی تھی۔خلیج تعاون کونسل کی وزارتی کونسل نے وڈیو لنک کے ذریعے ان ممالک پر ہونے والے بزدلانہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے بڑے نقصانات کا جائزہ لیا، جن میں شہری تنصیبات، سروس سائٹس اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا اور وہاں کے شہریوں و مقیم افراد کی زندگیوں اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ ساتھ پرامن خاندانوں میں خوف و ہراس پھیلا۔ اجلاس میں خطے میں امن و استحکام کی بحالی اور سلامتی کے حصول کے لیے کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے ضروری اقدامات اور طریقہ کار پر بھی بحث کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan