
بھوپال، 29 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں آج اتوار سے موسم کروٹ لینے جا رہا ہے۔ اگلے چار دنوں تک ریاست میں آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کی وجہ ویسٹرن ڈسٹربنس اور ٹرف لائن کی سرگرمی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 30 اور 31 مارچ کو ان دو سسٹم کا اثر سب سے زیادہ رہے گا، جس سے ریاست کے کئی حصوں میں تیز سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ گوالیار اور چمبل ڈویژن میں اس دوران اولہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ ہفتہ کو ریاست کے مشرقی علاقوں میں یہ دونوں موسمی سسٹم سرگرم رہے، جو اتوار سے آگے بڑھتے ہوئے دیگر علاقوں کو متاثر کریں گے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں گوالیار، چمبل اور اجین ڈویژن میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 مارچ سے موسم اور زیادہ سرگرم ہو جائے گا۔ گوالیار، بھنڈ اور دتیا اضلاع میں اولے گرنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ بھوپال، اندور، گوالیار، چمبل، اجین، ساگر اور ریوا ڈویژن کے زیادہ تر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ آندھی اور بارش کا دور رہے گا۔ 31 مارچ کو بھی ایسے ہی حالات بنے رہیں گے۔ تاہم یکم اپریل سے سسٹم کمزور پڑنے لگے گا، لیکن تب بھی ریاست کے 20 سے زائد اضلاع میں بارش ہو سکتی ہے۔
مسلسل بدلتے موسم کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھنے کو ملے گی، جس سے گرمی سے کچھ راحت ملے گی۔ فی الحال ریاست کے کئی شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ بنا ہوا ہے، جس میں نرمدا پورم سب سے گرم مقام بنا ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو دنوں میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری تک کم ہو سکتا ہے۔
ہفتہ کو بھی کئی شہروں میں درجہ حرارت میں ہلکی گراوٹ درج کی گئی۔ نرمدا پورم میں 1.5 ڈگری سیلسیس کی کمی کے بعد درجہ حرارت 38.5 رہا، جبکہ کھنڈوا میں بھی اتنا ہی درجہ حرارت درج ہوا۔ رتلام میں 38.2، کھرگون میں 38، بیتول میں 37.7، نرسنگھ پور اور کھجوراہو میں 37.6، منڈلا میں 37.5، دھار اور سیونی میں 37.2 جبکہ شیوپور اور ساگر میں 37 ریکارڈ کیا گیا۔ بڑے شہروں کی بات کریں تو جبل پور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.1، بھوپال میں 36.2، اندور میں 36.5، گوالیار میں 35.3 اور اجین میں 36.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن