
نوئیڈا، 29 مارچ (ہ س)۔ نوئیڈا کے جیور تھانہ علاقے میں اتوار کی صبح ایک ڈھابے پر بس بندہو گئی۔ لوگ بس کو دھکے دے کر اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی وقت ایک عورت بس سے اتر رہی تھی۔ دھکے کی وجہ سے اچانک بس سٹارٹ ہو گئی اور خاتون بس سے گر گئی۔ شدید زخمی خاتون کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کمشنر لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج نے بتایا کہ جیور تھانہ علاقے میں یمنا ایکسپریس وے پر جیور ٹول کے قریب ایک ڈھابہ ہے۔ اس نے بتایا کہ بس نمبر یوپی 32 پی این 6425 ڈھابے پربندہو گئی۔اسٹارٹ کیلئے کچھ مسافر اتر کر بس کو دھکا دے رہے تھے۔ اسی دوران دہلی کے ہرش وہار کے رہنے والے رامیشور شرما کی بیوی پشپا شرما (55) بس سے اترنے لگی۔ مسافروں نے بس کو زور سے دھکا دینا شروع کر دیا اور بس چل پڑی۔ اس واقعے کے دوران خاتون اپنا توازن کھو بیٹھی اور بس سے گر گئی۔ اس حادثے میں اسے شدید چوٹیں آئیں۔ اسے علاج کے لیے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ تھانہ صدر نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
اسی طرح نالج پارک پولیس اسٹیشن کے انچارج سرویش کمار سنگھ نے بتایا کہ بدھائی لال کا بیٹا منالال (58) کل رات تھانہ علاقہ میں سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
دریں اثناءبسرکھ پولس اسٹیشن کے انچارج کرشنا گوپال شرما نے بتایا کہ دیپک (48) ولد وجے نامی موٹر سائیکل سوار کو علاقے میں ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں شدید زخمی دیپک کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کی موت ہوگئی۔ متوفی کے بہنوئی نے تھانے میں رپورٹ درج کرادی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی