
نئی دہلی، 27 مارچ (ہ س)۔ شمال مغربی دہلی ضلع کے تری نگر علاقے میں جمعہ کی صبح ایک رہائشی مکان میں آگ لگ گئی، جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی۔پولیس کے مطابق صبح تقریباً 7 بجے کیشو پورم پولیس اسٹیشن کو پی سی آر کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ گنیش پورہ کے ڈیگی ساری والا علاقے میں ایک گھر میں آگ لگ گئی ہے، جس کے اندر کچھ لوگ پھنس گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہلے سے موجود تھیں، اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔یہ واقعہ گنیش پورہ کے مکان نمبر 1418/97 میں پیش آیا۔ چار منزلہ عمارت (زمین سے تیسری منزل) تقریباً 50 مربع گز پر محیط ہے۔ گراو¿نڈ فلور پر’کنہیا ساڑیاں‘ نامی دکان تھی جو غیر محفوظ رہی۔ آگ بنیادی طور پر دوسری منزل تک پھیل گئی، جہاں رہائشی رہائش پذیر ہیں۔زخمیوں کی شناخت بھرت لال (32)، انیتا (55)، پریتم لال (30)، وندنا (24)، مونی (27) اور تین سالہ سومیا کے طور پر ہوئی ہے۔ سبھی کو ابتدائی طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں چار خواتین کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں صفدر جنگ اسپتال ریفر کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سیڑھیوں کے قریب پانی کی موٹر کے گرد شارٹ سرکٹ ہوا جس سے آگ لگی۔ آگ نے سیڑھیوں پر رکھے کاسمیٹکس اور قریبی موٹر سائیکل کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمی اس وقت زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واقعے سے علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف وہراس پھیل گیا تاہم فائر فائٹرز کی بروقت کارروائی کی بدولت آگ پر قابو پالیا گیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan