
حیدرآباد ، 27 مارچ (ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) فنڈس کے موثر استعمال اور زیادہ سے زیادہ حصول کیلئے ایک جامع اور خصوصی پالیسی تیار کی جائے۔ جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعلی نے کہا کہ حکومت کو ان کارپوریٹ اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جو ریاست میں سی ایس آر فنڈس کے ذریعہ ترقیاتی اور عوامی فلاحی پروگرام شروع کرتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ بہترین کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو ہر سال ایک خصوصی تقریب میں اعزاز سے نوازا جائے اور یہ تقریب ریاست کی یوم تاسیس کی تقریباً کا حصہ ہو۔وزیراعلی نے ریاستی سطح پر ایک خصوصی سی ایس آر سیل اور دفتر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیل مختلف سرکاری محکموں کے پروجیکٹوں اور کارپوریٹ اداروں کے سی ایس آر پروگراموں کے درمیان تال میل پیدا کرے گا اور ایسے منصوبوں کی نشاندہی کرے گا جنہیں سی ایس آر کے ذریعہ مکمل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حکومت اور کارپوریٹ اداروں کو جوڑنے کیلئے ایک خصوصی تلنگانہ سی ایس آر پورٹل تیار کیا جائے، جہاں تمام سرکاری منصوبوں کی تفصیلات دستیاب ہو تاکہ کمپنیاں اپنی دلچسپ کے مطابق منصوبوں کا انتخاب کرسکیں۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ قومی سطح پر سی ایس آر فنڈس میں تلنگانہ کا حصہ صرف تین فیصد ہے جو کہ توقع سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کام کرنے والے کمپنیوں کو چاہئے کہ وہ اپنے سی ایس آر فنڈس کا بڑا حصہ تلنگانہ میں ہی خرچ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ریاستوں میں رائج پالیسیوں کا مطالبہ کر کے نئی حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کارپوریٹ اداروں کو سی ایس آر سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جاسکے اور ریاست کا حصہ بڑھایا جاسکے۔ اجلاس میں چیف سکریٹری کے راما کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری ساویا ساچی گھوش، وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری شیشادری، اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، سکریٹری مانک راج اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق