
ممبئی، 24 مارچ (ہ س)۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اسمبلی میں واضح کیا ہے کہ ناسک معاملے میں جو بھی ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی ملزم کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی ملزم اشوک کھرات کی جائیداد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے منگل کے روز اسمبلی میں اب تک کی تحقیقات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے کی گہرائی سے جانچ ایک خاتون آئی پی ایس افسر کی قیادت میں خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) اور ناسک پولیس مشترکہ طور پر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کو پولیس تحفظ فراہم کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مزید متاثرین سامنے آ کر شکایات درج کرا رہی ہیں۔فڑنویس نے بتایا کہ اشوک کھرات نے اپنے موبائل کا ڈیٹا حذف کر دیا تھا، تاہم اسے دوبارہ حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیس کی سنگینی کے پیش نظر کسی بھی سطح پر ملوث افراد کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروائی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ کے مطابق ابتدائی معلومات میں اشوک کھرات اور ان کے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ اشوک کھرات کے پاس 12 تولہ سونا جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 20 تولہ سونا ہونے کی معلومات ملی ہیں۔ ان کے نام پر میرگاؤں (تحصیل سننر، ضلع ناسک) میں 33 ایکڑ زمین، ایک فارم ہاؤس، پاتھردی گاؤں-گواہنے گاؤں میں 10 ایکڑ زمین، سننر میں 6 ایکڑ زمین اور شردی (تحصیل رہاتا، ضلع اہلیہ نگر) میں 4.5 ایکڑ زمین درج ہے۔ اس کے علاوہ اہلیہ نگر ضلع کے کاکڑی علاقے میں شردی ایئرپورٹ کے نزدیک 5.5 ایکڑ زمین، ناسک کے پاتھردی فاٹا میں 800 اسکوائر فٹ کا فلیٹ، موسر میں چار گنٹھہ کے چار پلاٹ، اڈگاؤں ناسک میں پانچ گنٹھہ کا ایک پلاٹ، پنوَیل میں چالیس گنٹھہ کا ایک پلاٹ اور کینیڈا کارنر ناسک میں 189 اسکوائر فٹ کا دفتر بھی شامل ہے۔مزید یہ کہ اشوک کھرات کی بیٹی سی کے نام پر سنگم نیر میں 11 گنٹھہ کا پلاٹ، پونے میں ایک پلاٹ، ناسک کے کرمیوگی نگر میں ایک بنگلہ، شردی میں شراکت داری میں ایک سائی سلور منگل ہال اور سننر میں پانچ افراد کے ساتھ مشترکہ چھ ایکڑ زمین کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ مجموعی طور پر اشوک کھرات کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 40 کروڑ 87 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور ایس آئی ٹی کے ساتھ انکم ٹیکس محکمہ بھی ان اثاثوں کی جانچ کرے گا تاکہ مکمل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے