
نوئیڈا، 22 مارچ (ہ س)۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اتوار کو نوئیڈا پہنچے جہاں جیور میں نو تعمیر نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے افتتاح کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جیور ہوائی اڈے پر عہدیداروں سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک میٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے افتتاحی تقریب کی تیاریوں اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی 28 مارچ کو اس نو تعمیر شدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے۔
وزیر اعلیٰ یوگی نے آج لکھنو¿ سے غازی آباد کے ہنڈن ہوائی اڈے کے لیے اڑان بھری اور وہاں سے ہیلی کاپٹر لے کر نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے گئے۔ بی جے پی قائدین اور عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے ساتھ اتر پردیش حکومت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دیپک کمار اور چیف منسٹر کے خصوصی سکریٹری ایشان پرتاپ سنگھ بھی تھے جو گوتم بدھ نگر پہنچے۔ انہوں نے ایئرپورٹ پر جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایئرپورٹ اور جلسہ گاہ کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی نے نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آڈیٹوریم میں عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ کو تقریب کی منصوبہ بندی، سیکورٹی پلان اور جلسہ عام میں شرکت کرنے والے لوگوں کی تعداد اور ان کے بیٹھنے کے انتظامات جیسی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کی آمد کے لیے سیکیورٹی پلاننگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے جلسہ عام میں پارکنگ کے انتظامات کے لیے ایک منظم نقشہ تیار کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی، پینے کے پانی، بجلی کی فراہمی، طبی سہولیات، فائر سیفٹی، اور ہنگامی خدمات کے لیے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
کمشنریٹ پولیس، یمنا اتھارٹی اور ضلع انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کے دورے کے لیے بھرپور تیاریاں کی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی