
جموں, 22 مارچ (ہ س)۔
ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا اتوار کو عارضی معطلی کے بعد دوبارہ شروع کر دی گئی۔ حکام کے مطابق بھاری رش کے باعث ہفتہ کے روز یاترا کو وقتی طور پر روک دیا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ ہفتہ کو دوپہر تک تقریباً 39 ہزار عقیدت مندوں نے درشن کیے، جس کے بعد بھون کے مقام پر زیادہ بھیڑ ہونے کے سبب یاترا کو معطل کرنا پڑا۔ اتوار کی صبح کٹرا میں یاترا کے لیے رجسٹریشن بھی دوبارہ شروع کر دی گئی۔چیترا نوراتری 19 مارچ سے شروع ہوئی ہے، جو 27 مارچ تک جاری رہے گی۔ اس دوران اب تک تقریباً ایک لاکھ یاتری درشن کر چکے ہیں جبکہ مزید ہزاروں عقیدت مند یاترا کے لیے راستے میں ہیں۔
حکام کے مطابق ہفتہ کے روز 39 ہزار سے زائد یاتری کٹرا پہنچے اور درشن کیے، جبکہ 5 ہزار سے زائد یاتری رجسٹریشن کے بعد گپھا کی جانب روانہ ہوئے۔ رجسٹریشن مراکز پر بھی خاصا رش دیکھنے میں آیا۔نوراتری کے تیسرے دن سینکڑوں عقیدت مند جے ماتا دی کے نعرے لگاتے ہوئے تریکوٹہ پہاڑیاں کی بل کھاتی پگڈنڈیوں پر پیدل سفر کرتے ہوئے مندر کی جانب بڑھتے نظر آئے۔
مندر کو تازہ پھولوں سے سجایا گیا ہے اور رنگ برنگی روشنیوں سے منور کیا گیا ہے، جس سے عقیدت مندوں کو ایک دلکش منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔
سیکورٹی کے پیش نظر کٹرا بیس کیمپ اور یاترا کے راستے میں کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاترا کو محفوظ اور پرامن بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ، شری ماتا ویشنو دیوی شرائن میں مقدس شت چندی مہا یگیہ کا آغاز بھی جمعرات کو ہو چکا ہے، جو چیترا نوراتری 2026 کی شروعات کی علامت ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر