
حیدرآباد ، 22 مارچ (ہ س) ۔ سنگا ریڈی میں ایس آئی آر میپنگ اور گھر گھر سروے کے عمل میں لاپرواہی برتنے والے بی ایل اوز کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوگی، یہ بات سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پی. پراوینیا نے واضح کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر گھر جا کر حقیقی ووٹروں کی نشاندہی کرتے ہوئے میپنگ کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ کلکٹریٹ کے منی کانفرنس ہال میں پٹن چیرو، سنگاریڈی اور ظہیرآباد علاقوں کے ای آر اوز، اے ای آر اوز، بی ایل اوز اور سپروائزرز کے ساتھ ویڈیو جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔کلکٹر نے کہا کہ ہر بی ایل او اپنے دائرہ کار کے ہر گھر کا دورہ کر کے ووٹروں کی تفصیلات کی جانچ کرے اور ایس آئی آرمیپنگ کے عمل کو تیزکرے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی درستگی کے لیے ایس آئی آر عمل میں بی ایل اوز کا کردار نہایت اہم ہے اور انہیں اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے انجام دینی چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس عمل میں لاپرواہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر لازمی طور پر بی ایل او تعینات کیا جائے اور جہاں بی ایل او موجود نہیں ہیں وہاں فوری تقرری کی جائے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق 13 زمروں میں بی ایل اوز کا تقرر کیا جا سکتا ہے۔ بی ایل اوز کی تفصیلات ای سی آئی پورٹل پر درج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ای آر اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے ایس آئی آر میپنگ کے عمل کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (مقامی ادارے) پانڈو، آر ڈی او راجینڈر، الیکشن سیکشن آفیسر وجیہ لکشمی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق