
نئی دہلی، 22 مارچ (ہ س) دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک مجرم کو گرفتار کیا ہے جس نے جائیداد میں سرمایہ کاری کی آڑ میں لوگوں سے دھوکہ کیا تھا۔ ملزم کی شناخت راہل پاسوان کے طور پر کی گئی ہے جو لکشمی نگر پولس اسٹیشن کا اشتہاری مجرم ہے جو کافی عرصے سے مفرور تھا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) سنجیو یادو نے اتوار کو کہا کہ راہل پاسوان کو لکشمی نگر پولیس اسٹیشن میں درج ایک دھوکہ دہی کے معاملے میں 3 فروری 2023 کو عدالت نے مفرور قرار دیا تھا۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420، 34 اور 174-اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وہ کئی دیگر مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق، سینٹرل رینج کی ٹیم کو ملزم کے بارے میں ایک خفیہ اطلاع ملی، جسے ہیڈ کانسٹیبل جئے سنگھ اور وجے سنگھ نے تیار کیا۔ اس کے بعد انسپکٹر سنیل کمار کلکھنڈے کی قیادت میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اسے کشمیری گیٹ علاقے میں پارکنگ سے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے وقت وہ دہلی چھوڑنے کی کوشش کر رہاتھا۔
تفتیش میں پتہ چلا کہ ملزم گزشتہ ایک سال سے فرید آباد، ہریانہ میں رہ کر گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ راہل پاسوان پراپرٹی ڈیلر ظاہر کر کے لوگوں کا اعتماد حاصل کرتا تھا۔ وہ انہیں فلیٹس اور جائیدادیں دکھاتا، پیشگی یا ابتدائی ادائیگی لیتا اور پھر فرار ہوجاتا۔ اس طرح اس نے بہت سے لوگوں کو دھوکہ دیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف لکشمی نگر پولس اسٹیشن میں تین مقدمات درج ہیں، جب کہ گروگرام اور فرید آباد میں بھی اس کے خلاف کئی شکایتیں درج ہیں۔ وہ ایک گریجویٹ ہے اور انگریزی زبان میں اپنی روانی کی وجہ سے لوگوں کو آسانی سے دھوکہ دینے کے قابل تھا۔
فی الحال پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور اس سے جڑے دیگر معاملات کی تفتیش جاری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی