
نئی دہلی، 20 مارچ (ہ س)۔
مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے اثرات اب بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔ جنگ شروع ہوتے ہی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ اب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی پریمیم پیٹرول اور انڈسٹریل ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ تاہم ریگولر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار ہیں۔
مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج پریمیم پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر سے زیادہ اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ، تتکا سپیڈ اور پاور برانڈز کے تحت فروخت ہونے والا پریمیم پیٹرول اب 2.09 فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ پہلے پریمیم پیٹرول کی قیمت 111.68 روپے فی لیٹر تھی جو اب بڑھ کر 113.77 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ مزید برآں ، انڈین آئل کارپوریشن نے انڈسٹریل ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافہ کیا ہے، جسے اب 87.67 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 109.59 فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے یہ اضافہ صرف پریمیم پیٹرول اور انڈسٹریل ڈیزل کی قیمتوں میں کیا گیا ہے۔ عام پیٹرول یا ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس وقت قومی دارالحکومت دہلی میں عام پٹرول کی قیمت 94.77 روپے فی لیٹر ہے۔ اسی طرح عام ڈیزل کی قیمت 87.67 روپے فی لیٹر ہے۔ ممبئی میں عام پٹرول کی قیمت 103.50 فی لیٹر ہے، جب کہ عام ڈیزل اب بھی 90.03 فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔
پریمیم پیٹرول میں عام پیٹرول سے زیادہ آکٹین نمبر ہوتا ہے۔ یہ تعداد عام طور پر 95 یا اس سے اوپر ہوتی ہے۔ نارمل پیٹرول کا آکٹین نمبر 91 ہے۔ پریمیم پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے وہ لوگ براہ راست متاثر ہوں گے جو ہائی آکٹین فیول استعمال کرتے ہیں۔ یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال سے انجن کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔یہ گاڑی کی مائلیج کو بھی بہتر بناتا ہے۔
اگرچہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پریمیم پیٹرول اور کمر شیل ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ یہ اضافہ خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اتار چڑھاو¿ اور ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث نقل و حمل کے اخراجات میں اضافے کے باعث ہوا ہے۔
ریگولر پیٹرول اور انڈسٹریل ڈیزل پر آج کی قیمتوں میں اضافے سے قبل ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد سے، گیس کے بحران کے خدشے کے باعث ملک بھر میں کئی علاقوں میں ایل پی جی سلنڈروں پر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اس ماہ کے شروع میں کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 28 روپے سے 31 روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 7 مارچ کو گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 115 روپے کا اضافہ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ