سی بی آئی نے انل امبانی سے آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، کل بھی طلب کیا
نئی دہلی، 19 مارچ (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے جمعرات کو ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ کے چیئرمین انل امبانی اور آتھم انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے کل وقتی ڈائریکٹر امت ڈانگی سے بینک لون دھوکہ دہی کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی۔ تفتیشی ایجنس
ED-raids-multiple-locations-against-Anil-Ambanis-c


نئی دہلی، 19 مارچ (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے جمعرات کو ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ کے چیئرمین انل امبانی اور آتھم انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے کل وقتی ڈائریکٹر امت ڈانگی سے بینک لون دھوکہ دہی کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی۔ تفتیشی ایجنسی نے انل امبانی سے آٹھ گھنٹے اور ڈانگی سے تقریباً سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ انل امبانی کو بھی جمعہ کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

سی بی آئی نے کہا کہ انل امبانی آج دہلی میں تفتیشی ایجنسی کے ہیڈکوارٹر پہنچے اور ان سے تقریباً آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ انہیں جمعہ کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ21 اگست 2025 کو درج کی گئی ایف آئی آر سے متعلق ہے، جس میں ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ، انل امبانی، دیگر نامعلوم افراد اور کچھ نامعلوم سرکاری ملازمین کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ یہ شکایت اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے درج کی ہے، جو 11 بینکوں کے کنسورشیم کا لیڈ بینک ہے۔

فارنسک آڈٹ رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2013 اور 2017 کے درمیان گروپ کمپنیوں کے درمیان پیچیدہ لین دین کے ذریعے بڑے پیمانے پر فنڈ کی منتقلی اور غلط استعمال ہوا۔ اس کے نتیجے میں ایس بی آئی کو 2,929.05 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ 17عوامی شعبے کے بینکوں کا کل ایکسپوزر 19,694.33 کروڑ روپے تھا۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے ریلائنس کمیونیکیشن کے دو سرکاری احاطے اور ممبئی میں انل امبانی کی رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی، کئی اہم دستاویزات کو ضبط کیا۔ پنجاب نیشنل بینک، بینک آف انڈیا، یونین بینک آف انڈیا، یوکو بینک، سنٹرل بینک آف انڈیا، آئی ڈی بی آئی بینک اور بینک آف مہاراشٹرا نے بھی الگ الگ شکایتیں درج کیں۔

سی بی آئی نے کہا کہ بینک آف بڑودہ کی شکایت پر اس سال 25 فروری کو ریلائنس کمیونیکیشن کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس سال 5 مارچ کو پنجاب نیشنل بینک کی شکایت پر ایک اور مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں انل امبانی اور کمپنی کے ڈائریکٹر منجری اشوک ککڑ کو ملزم بنایا گیا تھا۔

ایک اور معاملے میں، سی بی آئی نے امیت ڈانگی سے 57.47 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی جس میں ریلائنس کمرشل فائنانس لمیٹڈ شامل ہے۔ ڈانگی آتھم انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے کل وقتی ڈائریکٹر ہیں، وہ کمپنی جس نے ریلائنس کمرشیل فائنانس اور ریلائنس ہوم فائنانس کے اثاثے حاصل کیے تھے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ ان سے تقریباً سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

سی بی آئی نے کہا کہ یہ مقدمہ 6 دسمبر 2025 کو درج ایک ایف آئی آر سے متعلق ہے جس میں ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹڈ، دیوانگ پروین مودی، رویندر سومیاجولا راو¿ اور دیگر نامعلوم افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ یہ شکایت بینک آف مہاراشٹرا نے دائر کی تھی، جس میں فارنسک آڈٹ رپورٹ کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر فنڈ کی منتقلی کا الزام لگایا گیا تھا۔ اس کیس میں 13 پبلک سیکٹر بینکوں سمیت 31 بینک اور مالیاتی ادارے شامل ہیں۔ ان کاکل ایکسپوزر4,097 کروڑ روپے ہے۔ بینک آف مہاراشٹرا اور پنجاب نیشنل بینک کا مشترکہ ایکسپوزر 302.38 کروڑ روپے ہے۔

سی بی آئی نے اس معاملے میں ممبئی اور پونے میں بھی تلاشی لی۔ ریلائنس کمرشل فائنانس لمیٹڈ کے سرکاری احاطے اور دیوانگ پروین مودی کی رہائش گاہ سے متعدد دستاویزات ضبط کیے گئے۔ دونوں کیسز کی تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے بیانات کا موازنہ جمع شدہ دستاویزات سے کیا جا رہا ہے۔ ان مقدمات میں بڑے پیمانے پر فنڈز کی منتقلی اور غلط استعمال کے الزامات شامل ہیں جن کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande