
حیدرآباد ، 17 مارچ (ہ س) ۔ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے ایل بی اسٹیڈیم میں دعوت افطار سے خطاب میں ماہ رمضان المبارک کو عبادتوں کا پاک مہینہ قرار دیتے ہوئے شرکاء افطار سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات میں بعض قوتیں ہمیں آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہیں جنہیں ناکام بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے مسلمانوں سے سیاسی کشیدگی پیدا کرنے والوں سے چوکنا رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ ان سازشوں کا شکار ہونے کے بجائے تلنگانہ میں امن و امان کی برقراری کو یقینی بنائیں ۔ ملک کی ترقی کیلئے آپسی اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہئے ۔ افطار میں سیاسی قائدین ‘ وزراء ‘ اراکین پارلیمان ‘ اراکین اسمبلی ‘ اراکین کونسل و صدورنشین‘ علماء و مشائخین اور کانگریس قائدین موجود تھے۔ محمد اظہر الدین نے ابتداء میں خیر مقدم کیا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق