
ناسک میں گیس سلنڈروں کی بلیک مارکیٹنگ پر کارروائی، 25 لاکھ روپے کا مال ضبط۔ چھاپے میں 447 سلنڈر، ٹرک اور دو ٹیمپو بھی برآمدممبئی ، 17 مارچ (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں سپلائی محکمہ نے گیس سلنڈروں کی مبینہ بلیک مارکیٹنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا اور اس معاملے میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ محکمہ سپلائی کے ضلعی افسر رمیش گائیکواڑ کے مطابق ٹیم کو پیر، 16 مارچ کو ساتپور روڈ کے نائس کمپلیکس علاقے میں گیس سلنڈروں کی غیر قانونی فروخت کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اسی اطلاع کی بنیاد پر سپلائی محکمہ اور ساتپور پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے مشترکہ طور پر گزشتہ رات علاقے میں چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 447 گیس سلنڈر ضبط کیے گئے جن میں 158 بھرے ہوئے اور 289 خالی سلنڈر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دو چھوٹے ٹیمپو اور ایک بڑا ٹرک بھی تحویل میں لیا گیا۔ ضبط کیے گئے تمام سامان کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب متعلقہ ایجنسی کے ڈرائیور نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث نہیں تھا بلکہ سلنڈروں کو گودام تک پہنچا رہا تھا۔ ساتپور پولیس اسٹیشن کی ٹیم اس معاملے کی ہر زاویے سے جانچ کر رہی ہے۔ہندوستھان سماچار-------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے