
دبئی،16مارچ(ہ س)۔متحدہ عرب امارات نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ دبئی میں دفاعی نوعیت کی ٹیموں نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں ایندھن کے ایک ٹینک کو نشانہ بنائے جانے سے لگنے والی آگ پر کامیابی سے قابو پا لیا ہے۔دبئی حکومت کے میڈیا آفس نے اپنے 'ایکس' اکاو¿نٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دبئی میں سول ڈیفنس کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے گرد و نواح میں ایندھن کے ایک ٹینک کو پہنچنے والے نقصان کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئی ہیں اور اس دوران کوئی جانی نقصان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل پیر کی علی الصبح دبئی حکومت کے میڈیا آفس نے اطلاع دی تھی کہ متعلقہ حکام اس وقت دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثے سے نمٹ رہے ہیں۔میڈیا آفس کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں آگ لگ گئی تھی جس کے بعد متعلقہ ٹیموں نے منظور شدہ اعلیٰ ترین سکیورٹی معیارات کے مطابق ضروری اقدامات شروع کر دیے تھے۔
دوسری جانب دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام مسافروں اور ملازمین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی عارضی معطلی کا اعلان کیا، یہ اطلاع دبئی حکومت کے میڈیا آفس کے اکاو¿نٹ پر دی گئی۔مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔ کسی بھی مزید اپ ڈیٹ کے دستیاب ہوتے ہی اس کا فوری اعلان کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan