
بنگلورو، 15 مارچ (ہ س) راجیہ سبھا انتخابات کے پیش نظر مبینہ آپریشن لوٹس کے اندیشوں کے درمیان، کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو کے قریب اڈیشہ کانگریس کے ایم ایل اے کا شکار کرنے کی کوشش سامنے آئی ہے۔ پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اڈیشہ کانگریس کے اراکین اسمبلی 12 مارچ سے بنگلورو کے قریب بیدادی کے ونڈرلا ریزورٹ میں مقیم تھے۔ ہفتے کی رات چار لوگوں نے ریسارٹ میں ایک کمرہ بک کروایا۔ اتوار کی صبح، ایک آدمی نے اڈیشہ کے کانگریس ایم ایل اے سے بات کی اور اس کے ساتھ تصویر لینے کی کوشش کی۔ اس سے وہاں موجود مقامی کانگریس لیڈروں میں شکوک پیدا ہو گئے۔
جب پوچھ گچھ کی گئی تو دو افراد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت بیرندر پرساد اور اجیت کمار ساہو کے طور پر ہوئی ہے۔ بیدادی پولیس نے انہیں حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، اڈیشہ کانگریس کے رکن اسمبلی سپتگیری شنکر اولاکا نے الزام لگایا کہ بی جے پی سے وابستہ افراد نے کانگریس کے ایم ایل اے کو رشوت دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم ایل اے کو بی جے پی کو ووٹ دینے کے لیے دباو¿ ڈالنے کے لیے پانچ کروڑ روپے اور بلینک چیک کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن کانگریس کے ایم ایل اے نے کسی بھی قسم کی ترغیب سے انکار کردیا۔
دریں اثنا، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ بی جے پی سے وابستہ افراد نے ایم ایل اے کو 5 کروڑ روپے کی رشوت دے کر ریزورٹ میں بکنگ روم میں لے جانے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو افراد کو بلینک چیکوں کے ساتھ پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعہ کے بعد، ریزورٹ میں ٹھہرے ہوئے کانگریس ایم ایل اے کو سیکورٹی وجوہات کی بناءپر پولیس کی حفاظت میں سداشیو نگر، بنگلورو میں ملیکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر بس کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ آٹھ ایم ایل اے کو پولیس کے دستوں کے ساتھ وہاں پہنچایا گیا۔
اس دوران ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرینواس گوڑا نے بھی ریزورٹ کا دورہ کیا اور حراست میں لیے گئے دونوں افراد سے پوچھ تاچھ کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی