
اورنگ آباد،15(ہ س)۔ بہار کے اورنگ آباد ضلع کے داؤد نگر تھانہ علاقے کے تحت مانجھیاواں گاؤں میں شادی تقریب کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ جےمالا تقریب کے دوران اچانک ایک گھر کی بالکونی گر گئی جس سے دو افرادکی موقع پر ہی موت ہوگئی اور 25 افرادزخمی ہو گئے۔ اس واقعے نے شادی کی خوشی کو ماتم میں بدل دیا۔رام ویاس سنگھ کی بیٹی کی شادی ہو رہی تھی۔ بارات گوہ تھانہ علاقے کے تحت پکڑی گاؤں سے آئی تھی۔دوارپوجن کے بعدجےمالا تقریب شروع ہوئی، جس میں گاؤں والوں اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اچانک بالکونی گر گئی، جس سے نیچے بیٹھے لوگوں پر ملبہ گرنے لگا۔ خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی لوگ ملبے تلے دب گئے۔مرنے والوں کی شناخت ستیہ نارائن سنگھ اور اکھلیش یادو کے طور پر ہوئی ہے ،دونوں دلہن کے بھائی بتائے جاتے ہیں ۔ اکھلیش یادو جھارکھنڈ کے دھنباد میں آپریٹر کے عہدہ پر تعینا ت تھے، جب کہ ستیہ نارائن سنگھ کاشتکاری سے وابستہ تھے۔ اکھلیش کے خاندان میں ایک بیٹی کی شادی ہو چکی ہے ، جب کہ دوسری بیٹی اور بیٹے کی شادیاں باقی ہیں۔جائے وقوعہ پر موجود گاؤں والوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ انہوں نے ملبہ ہٹایا، زخمیوں کو باہر نکالا اوراسپتال پہنچایا۔ زخمیوں کا داؤد نگراسپتال اوبرا کمیونٹی ہیلتھ سنٹر اور دیگر اعلیٰ مراکز میں علاج کیا جا رہا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔حادثے کے بعد پورا مانجھیاواں گاؤں غم میں ڈوبا ہوا ہے۔ شادی کی تیاریاں اچانک ماتم میں بدل گئیں۔ گاؤں والے اس افسوسناک واقعے سے حیران ہیں اور حفاظتی معیار پر سوال اٹھا رہے ہیں۔انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پرانے ڈھانچے اور بھیڑ کی وجہ سے بالکونی گرنے کا شبہ ہے۔ پولیس اور مقامی حکام صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan