
جموں, 15 مارچ (ہ س)۔
خراب موسمی حالات کے باعث چھ دن تک بند رہنے کے بعد سری نگر لداخ شاہراہ پر واقع زوجیلا درہ اتوار کے روز دوبارہ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا، جس کے بعد سونمرگ سے لداخ کی جانب گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہو گئی۔
حکام کے مطابق شدید برفباری اور نامساعد موسمی حالات کے سبب زوجیلا درہ پر ٹریفک معطل کر دی گئی تھی۔ تاہم موسم میں بہتری آنے کے بعد متعلقہ محکموں کی جانب سے سڑک سے برف ہٹانے اور راستے کو قابلِ سفر بنانے کا کام مکمل کیا گیا۔سڑک کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد انتظامیہ نے سونمرگ سے لداخ کی جانب گاڑیوں کو روانہ ہونے کی اجازت دی۔ حکام کے مطابق درہ کھلنے کے بعد دو ہزار سے زائد مسافر اور تقریباً 300 مالبردار گاڑیاں لداخ کی طرف روانہ ہوئیں۔حکام نے مزید بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر