
جموں، 14 مارچ (ہ س)۔ محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن جموں و کشمیر اور انڈین ریلوے کے باہمی تعاون سے ہپوپوٹیمس (دریائی گھوڑے) کے دو جانور چنئی سے ریل کے ذریعے بحفاظت جموں پہنچا دیے گئے، جہاں انہیں بعد ازاں جموں چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق دونوں جانوروں کو خصوصی پارسل کوچ میں ٹرین کے ذریعے چنئی سینٹرل ریلوے اسٹیشن سے روانہ کیا گیا تھا۔ تقریباً 2804 کلومیٹر کا سفر قریب 51 گھنٹی میں مکمل کیا گیا، جو سڑک کے مقابلے میں زیادہ تیز اور جانوروں کے لیے کم دباؤ والا طریقہ سمجھا جاتا ہے۔
سفر کے دوران وائلڈ لائف ماہرین اور ویٹرینری ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم جانوروں کے ساتھ موجود رہی، جس نے پورے راستے میں ان کی صحت کی نگرانی کی اور خوراک و پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
حکام نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن میں محکمہ وائلڈ لائف اور ریلوے کے درمیان قریبی تال میل نے اہم کردار ادا کیا۔ ماہرین کے مطابق طویل فاصلے تک جانوروں کی منتقلی کے لیے ریل کا سفر نسبتاً محفوظ اور آرام دہ ہوتا ہے۔
جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشیل منیجر اچت سنگھل نے بتایا کہ 51 گھنٹے کے سفر کے دوران ریلوے عملہ اور وائلڈ لائف ماہرین نے مسلسل رابطہ برقرار رکھا تاکہ جانوروں کی محفوظ منتقلی ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل 3 مارچ کو بھی ہمالیائی بلیک بیئر کے دو اور لیپرڈ کیٹ کے دو جانور ٹرین نمبر 16032 کے ذریعے جموں سے چنئی منتقل کیے گئے تھے، جو جنگلی حیات کی نقل و حمل میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر