
پونے ، 14 مارچ (ہ س)۔ تجارتی ایل پی جی سلنڈروں کی سپلائی متاثر ہونے سے ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے کاروبار کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےاس صورتحال کے پیش نظر مہاراشٹر نیچرل گیس لمیٹڈ (ایم این جی ایل) نے پونے میں متاثرہ اداروں کو پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) کنکشن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں یشودا میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ایم این جی ایل کے عہدیداران اور نیشنل ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایم این جی ایل کے مینیجنگ ڈائریکٹر کمار شنکر نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث ہوٹل صنعت کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم کمپنی پی این جی کنکشن فراہم کرنے کے لیے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ایم این جی ایل کے کمرشل ڈائریکٹر میجر شنکر کارجاگی نے کہا کہ طویل مدتی توانائی کے حل کے طور پر پائپڈ نیچرل گیس ایک مؤثر اور پائیدار متبادل ثابت ہو سکتی ہے۔ اس موقع پر کمپنی کی آزاد ڈائریکٹر باگیشری منتھالکر نے مہمان نوازی کے شعبے کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ اجلاس کے دوران کئی ہوٹل مالکان نے اپنی مشکلات بیان کیں۔ ملکا اسپائس کے مینیجنگ ڈائریکٹر پرفل چندراورکر اور پونے گیسٹ ہاؤس کے کشور سرپوتدار نے ایم این جی ایل کے اقدام کو صنعت کے لیے بڑی راحت قرار دیا۔پریزنٹیشن اور سوال و جواب کے سیشن کے بعد متعدد ریسٹورنٹس نے پی این جی کنکشن کے لیے رجسٹریشن میں دلچسپی ظاہر کی جبکہ کمپنی کے نمائندوں نے درخواست کے عمل میں رہنمائی فراہم کی۔ حکام کے مطابق پونے کے 200 سے زیادہ ریسٹورنٹس کو جلد پی این جی کنکشن فراہم کیے جانے کا امکان ہے، جس سے تجارتی ایل پی جی سلنڈروں پر انحصار کم ہوگا۔ ایم این جی ایل نے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے جلد درخواست کارروائی، تکنیکی جانچ، کم سیکیورٹی ڈپازٹ اور تنصیب کے اخراجات میں رعایت جیسی سہولتیں بھی متعارف کرائی ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے