مدھیہ پردیش میں ایل پی جی کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی، کالا بازاری پر سخت کارروائی کی ہدایت: وزیر گووند سنگھ راجپوت
ساگر، 12 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر برائے خوراک، شہری فراہمی اور تحفظ صارفین گووند سنگھ راجپوت نے ریاست میں ایل پی جی کی تقسیم کے نظام کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ عام صارفین کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے تمام ضلع کلکٹرز ک
مدھیہ پردیش کے وزیر برائے خوراک، شہری فراہمی اور تحفظ صارفین گووند سنگھ راجپوت


ساگر، 12 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر برائے خوراک، شہری فراہمی اور تحفظ صارفین گووند سنگھ راجپوت نے ریاست میں ایل پی جی کی تقسیم کے نظام کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ عام صارفین کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے تمام ضلع کلکٹرز کو گیس سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری پر سخت نظر رکھتے ہوئے ’’زیرو ٹالرینس‘‘ پالیسی کے تحت سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیر راجپوت نے بتایا کہ عالمی سطح پر درآمدات سے وابستہ چیلنجوں اور تقسیم کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے مقصد سے وزارتِ پٹرولیم اور قدرتی گیس کی جانب سے کچھ اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کے تحت اب ایل پی جی ریفل کی بکنگ پچھلی ڈیلیوری کے 25 دن بعد ہی قبول کی جائے گی۔ اس نظام کا مقصد مارکیٹ میں غیر ضروری افراتفری کو روکنا اور تمام صارفین کو یکساں طور پر گیس فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حال میں ریاست میں پٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس کا کافی ذخیرہ دستیاب ہے، اس لیے لوگوں کو کسی قسم کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اب گھریلو صارفین کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اسپتالوں اور تعلیمی اداروں جیسی ضروری خدمات کو چھوڑ کر فی الحال ہوٹل، مال، فیکٹری اور دیگر صنعتی اداروں کو کمرشل ایل پی جی کی فراہمی محدود رکھی جائے گی۔ تجارتی صارفین کو اپنی ضروریات کے لیے متبادل توانائی کے ذرائع اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

وزیر راجپوت نے ضلع انتظامیہ کو تقسیم کے نظام پر مسلسل نگرانی رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک اور آئل کمپنیوں کے افسران باقاعدگی سے اجلاس کر کے گیس اسٹاک کا جائزہ لیں۔ ساتھ ہی ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے تاکہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کے کسی بھی امکان کو ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے بڑے تجارتی صارفین کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کر کے دستیاب گیس کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنانے کی بھی بات کہی۔ وزیر نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ریاست کے ہر گھر میں چولہا جلتا رہے اور عام شہریوں کو رسوئی گیس کی دستیابی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande