
نئی دہلی، 12 مارچ (ہ س)۔ رشتوں کو شرمسار کرنے والا واقعہ ضلع شاہدرہ کے علاقے سیما پوری میں سامنے آیا ہے۔ ایک بیٹے نے اپنی بوڑھی ماں کو فرش پر پٹخ دیا جس سے وہ جاں بحق ہو گئی۔ حمید النساء (60) نے اپنے بیٹے اور بہو کے درمیان لڑائی میں مداخلت کی تھی۔ اس دوران مشتعل بیٹے نے جرم کا ارتکاب کیا۔ اطلاع ملنے پر سیما پوری تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی۔
بعد ازاں حمید النساءکی بیٹی شبنم کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم بیٹے شیر علی (27) کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس نے یہ جرم غصے میں کیا۔ جمعرات کو پولیس نے خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا اور اسے اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
شاہدرہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجندر پرساد مینا نے بتایا کہ حمید النساءاپنے خاندان کے ساتھ نیو سیما پوری علاقے میں رہتی تھی۔ خاندان میں بیٹا شیر علی، بہو سنجیدہ، شیر علی کے تین بچوں کے علاوہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ شیر علی لونی میں درزی کا کام کرتا تھا۔ بدھ کی رات سنجیدہ اپنے شوہر سے عید کے لیے کپڑے لانے کا کہہ رہی تھی۔ ملزم پیسے نہ ہونے کی بات کر رہا تھا۔ اسی دوران دونوں میں جھگڑا ہوگیا۔ معاملہ جسمانی لڑائی تک بڑھ گیا۔ حمید النساءنے اپنے بیٹے اور بہو کو لڑتے دیکھا تو وہ وہاں پہنچ گئیں اور مداخلت کرنے کی کوشش کی۔ جس پر ملزم شیر علی اپنی والدہ پر طیش میں آگیا۔ وہ اسے وہاں سے ہٹنے کو کہنے لگا۔ ماں نہ ماننے پر ملزم نے ماں کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔
ماں زمین پر گرتے ہی بیہوش ہو گئی۔ گھر میں کہرام مچ گیا اور گھر کے باقی افراد حمیدن کواسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی