روزہ کشائی کی تقریب میں باہمی ہم آہنگی اور انسانی اقدار پر زور
روزہ رب کے حکم کی تعمیل کے ساتھ جسمانی صحت کے لیے بھی بے حد مفید: مقررین نئی دہلی، 12 مارچ (ہ س )۔ محفوظ لرحمن میموریل کمیٹی کے صدر اور بزرگ صحافی جلال الدین اسلم کی رہائش گاہ واقع جوشی کالونی، نئی دہلی میں روزہ کشائی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پ
روزہ کشائی کی تقریب میں باہمی ہم آہنگی اور انسانی اقدار پر زور


روزہ رب کے حکم کی تعمیل کے ساتھ جسمانی صحت کے لیے بھی بے حد مفید: مقررین

نئی دہلی، 12 مارچ (ہ س )۔

محفوظ لرحمن میموریل کمیٹی کے صدر اور بزرگ صحافی جلال الدین اسلم کی رہائش گاہ واقع جوشی کالونی، نئی دہلی میں روزہ کشائی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی معروف اردو صحافی، سابق وائس چیئرمین این سی پی یو ایل اور ساہتیہ اکادمی کی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن جناب چندربھان خیال نے شرکت فرمائی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ روزہ کشائی صرف رب کے حکم کی تعمیل ہی نہیں بلکہ بندوں کے درمیان محبت، بھائی چارہ اور میل ملاپ کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے روزنامہ ”قومی آواز“ نئی دہلی میں اپنی ملازمت کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بڑا سنہرا زمانہ تھا جب ہندو مسلم کی بنیاد پر تفریق کے بجائے انسانیت، فرض شناسی اور ایک دوسرے کی خیر خواہی کی باتیں زیادہ ہوتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ملک اور قوم کی بھلائی کے لیے کام کرنا چاہیے اور ذاتی مفاد سے اوپر اٹھ کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔

اس موقع پر معروف صحافی سہیل انجم نے بھی اظہارِ خیال کیا اور ایسی تقاریب کو سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔

تقریب میں ڈاکٹر سید احمد خاں نے روزے کی اہمیت کو سائنسی اور طبی نقط? نظر سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ روزہ صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ طبی اعتبار سے بھی انسان کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب انسان روزہ رکھتا ہے تو جسم کو ایک طرح کا قدرتی آرام ملتا ہے اور نظامِ ہاضمہ کو بہتر طریقے سے کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔ روزے کے دوران جسم میں موجود بہت سی فاسد اور غیر ضروری چیزیں ختم ہونے لگتی ہیں اور معدہ جسم کے اندر جمع ہونے والی کئی مضر اشیائ کو تحلیل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید میڈیکل سائنس بھی اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ وقفہ وقفہ سے کھانے سے پرہیز کرنا انسانی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر میزبان جلال الدین اسلم نے تمام مہمانوں اور شرکائ کا شکریہ ادا کیا۔

ہندستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande