
عراق میں امریکی قونصل خانے اور اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پاس دھماکہ
بغداد، 12 مارچ (ہ س)۔ امریکہ-اسرائیل کی 28 فروری سے ایران کے خلاف شروع کی گئی فوجی مہم کے شعلوں میں گھرے خلیجی ممالک میں حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے۔ ایران ان ممالک کے خلاف مسلسل حملے کر رہا ہے۔ عراق میں آج صبح امریکی قونصل خانے اور اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پاس زور دار دھماکہ ہوا ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق، جمعرات کی صبح عراق کے اربیل میں امریکی قونصل خانے (یو ایس قونصلیٹ) اور اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے علاقے کے قریب زبردست دھماکہ ہوا ہے۔ خلیجی ممالک ایرانی ڈرونز اور میزائلوں کی نئی لہروں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران تیل ذخیرہ کرنے والے مراکز اور ٹینکروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
عراق کے کردستان علاقے میں اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس سے قبل، عراق کے سمندری علاقے میں ایرانی ڈرون نے دو غیر ملکی تیل ٹینکروں پر حملہ کیا۔ کم از کم ایک شخص کی موت ہو گئی اور 38 دیگر کو بچا لیا گیا۔ ایران نے اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ آبی گزرگاہ کے نیچے ہوئے ڈرون حملے میں ٹینکر اڑ گئے۔ سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس نے ملک کے مشرقی حصوں میں 20 سے زیادہ ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔
بحرین نے کہا کہ ایرانی حملوں میں ملک کے شمالی محرق گورنریٹ میں ایک جگہ پر فیول ٹینک کو نشانہ بنایا گیا۔ وزارتِ داخلہ نے آس پاس کے چار قصبوں اور گاوں کے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ دھوئیں اور آگ کے اثر سے بچنے کے لیے اپنے گھروں میں رہیں اور کھڑکیاں بند رکھیں۔
متحدہ عرب امارات نے کہا کہ اس کا ایئر ڈیفنس ’’ایران سے آنے والے میزائل اور ڈرون کے خطرات‘‘ کا جواب دے رہا ہے۔ دبئی کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ کریک ہاربر کے پاس ایک عمارت پر ایک ڈرون گرا اور معمولی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ کویت کی فوج نے کہا کہ اس کا ایئر ڈیفنس بھی ’’دشمن کے میزائل اور ڈرون کے خطرات‘‘ کا جواب دے رہا ہے۔
اس دوران عراق نے ایران سے تحمل برتنے کی اپیل کی ہے۔ عراق کی وزارتِ تیل نے کہا کہ خلیج فارس میں تیل ٹینکروں کو نشانہ بنانے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔ عراق نے سمندری راستوں کی حفاظت کی اپیل کی ہے۔ وزارت نے کہا کہ سمندری راستوں میں تیل ٹینکروں سے منسلک واقعات عالمی معیشت کے لیے تشویشناک اشارہ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن