
ڈوڈہ پولیس نے چوری کی واردات کو حل کیا، مسروقہ زیورات برآمد
جموں، 12 مارچ (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے تھانہ گندوہ میں درج چوری کے ایک معاملے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے تقریباً دو لاکھ روپے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات اور پچاس ہزار روپے نقد برآمد کر لیے ہیں، جبکہ اس کیس میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تھانہ گندوہ میں ایف آئی آر نمبر 24/2026 دفعہ 331(4) اور 305 بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں سونے کے زیورات اور نقدی کی چوری کی اطلاع دی گئی تھی۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایت پر کیس کی تحقیقات کے لیے تھانہ گندوہ کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جو ایس ڈی پی او گندوہ اور ایس ایچ او تھانہ گندوہ کی نگرانی میں کام کر رہی تھی۔ تحقیقات کے دوران پولیس پوسٹ کاہراہ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً دو لاکھ روپے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات اور 50 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے۔
پولیس نے اس واردات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ڈوڈہ پولیس نے کہا ہے کہ جرائم کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر