
دبئی،11مارچ(ہ س)۔دبئی میڈیا آفس نے بدھ کے روز اطلاع دی ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریبی علاقے میں دو ڈرونز (بغیر پائلٹ کے طیارے) گرے ہیں جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایئرپورٹ پر فضائی ٹریفک مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ایک بیان میں میڈیا آفس نے بتایا کہ متعلقہ سکیورٹی اداروں نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ڈی ایکس بی) کے اطراف میں دو ڈرونز گرنے کی تصدیق کی ہے۔ اس واقعے کے نتیجے میں گھانا سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں اور ایک بنگلہ دیشی شہری کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ ایک بھارتی شہری درمیانے درجے کا زخمی ہوا ہے۔بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ پر ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور ایئرپورٹ پر جہازوں کی آمد و رفت میں کوئی خلل نہیں آیا، تمام پروازیں اپنے مقررہ وقت پر آپریٹ ہو رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan