
ویسٹ انڈیز دورے کے لیے آسٹریلیائی خاتون ٹیم کا اعلان، صوفی مولینیوکس کو کپتانی
میلبورن، 10 مارچ (ہ س)۔ آسٹریلیائی خاتون کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کی کمان آل راونڈر صوفی مولینیوکس کو سونپی گئی ہے، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز تاہلیا ولسن کو پہلی بار ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ ٹیم میں لوسی ہیملٹن اور نکولا کیری کو بھی برقرار رکھا گیا ہے، جو حال ہی میں ہندوستان کے خلاف کھیلی گئی سیریز کا حصہ تھیں۔ وہیں ہندوستان کے خلاف ٹی 20 ٹیم میں شامل رہیں گریس ہیرس کو اس بار ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔
اس کے علاوہ آل راونڈر اینابیل سدرلینڈ اس دورے سے باہر رہیں گی۔ سلیکٹرز کے مطابق گزشتہ 12 مہینوں میں زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے ان کے ورک لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آرام دیا گیا ہے۔ قومی سیلکٹر شان فلیگلر نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف حالیہ ٹی 20 سیریز میں مولینیوکس نے شاندار کپتانی کی تھی اور یہ دورہ ان کی قیادت کو مزید مضبوطی دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مولینیوکس پیٹھ کی انجری سے ابھر رہی ہیں اور ان کے کھیلنے کا امکان ہے، حالانکہ میچوں کے دوران ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
آسٹریلیا کا یہ دورہ 19 مارچ سے 2 اپریل تک رہے گا، جس میں تین ٹی 20 اور تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔ مقابلے سینٹ ونسنٹ اور سینٹ کٹس میں ہوں گے۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی خاتون چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔ سیلکٹرز کے مطابق یہ سیریز آئندہ خاتون ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم کے لیے اپنی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے کا اچھا موقع ہوگی۔
آسٹریلیا خاتون ٹیم :
ڈارسی براون، نکولا کیری، ایشلے گارڈنر، کم گارتھ، لوسی ہیملٹن، الانا کنگ، فویبی لچ فیلڈ، تاہلیا میک گرا، صوفی مولینیوکس (کپتان)، بیتھ مونی، ایلیس پیری، میگن شٹ، جارجیا وول، جارجیا ویئرہیم، تاہلیا ولسن۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن