
حیدرآباد ، یکم مارچ (ہ س)۔ ایران اوراسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال کےباعث حیدرآبادکے راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خلیجی ممالک کےلئے پروازیں بڑے پیمانہ پرمنسوخ کردی گئی ہیں۔ کل دوپہرسے شروع ہونے والی اس غیریقینی صورتحال کی وجہ سے اب تک45 سے زائد بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جن میں 21 آمد اور 22 روانگی کی فلائٹس شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق دوحہ،ابوظہبی،جدہ، کویت، دبئی،مسقط اورمدینہ جانے والی پروازیں مکمل طورپربندکردی گئی ہیں، جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافر،بشمول طلباء اورکاروباری افراد، ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔اس بحران کی وجہ سے مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھواورکئی فلمی شخصیات بھی دبئی میں محصورہوگئی ہیں جنہوں نے سوشل میڈیاکے ذریعے اپنی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ایئر لائنس کوسرکاری احکامات پرسختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ شمس آباد کے علاوہ ممبئی اور کولکتہ جیسے میٹروشہروں سے بھی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئر لائنس کے کسٹمر کیئرسے تسلی بخش جواب نہیں مل رہا ہے تاہم ایئرپورٹ کے ڈسپلے بورڈس پر منسوخی کی تفصیلات اپ ڈیٹ کی جا رہی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جب تک عالمی صورتحال معمول پرنہیں آتی اورڈی جی سی اے سے نئے احکامات موصول نہیں ہوتے، پروازوں کی بحالی ممکن نہیں ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق