
نئی دہلی،یکم مارچ (ہ س)۔ سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے موجودہ صورتحال کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں پیر کو ہونے والے کلاس 10 اور 12 کے بورڈ امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی بی ایس ای کا یہ حکم بحرین، ایران، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے الحاق شدہ اسکولوں پر لاگو ہوتا ہے۔ بورڈ نے آج ایک حکم نامے میں کہا کہ 2 مارچ کو ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ بورڈ نے واضح کیا کہ وہ 3 مارچ کو صورتحال کا جائزہ لے گا۔ اس کے بعد ہی 5 مارچ اور اس کے بعد کے امتحانات کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
سی بی ایس ای کے امتحانی کنٹرولر ڈاکٹر سنیم بھاردواج کی طرف سے جاری کردہ اس سرکلر میں تمام طلباء اور والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپ ڈیٹس کے لیے اپنے متعلقہ اسکولوں سے رابطے میں رہیں اور صرف سرکاری معلومات پر انحصار کریں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی